ساہیوال،آل پاکستان واپڈاہائیڈرو الیکٹرک ورکرزیونین نے میپکو سرکل ساہیوال میں مہنگائی کے خلاف احتجاج

جمعرات 25 مئی 2017 22:27

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 مئی2017ء) آل پاکستان واپڈاہائیڈرو الیکٹرک ورکرزیونین نے میپکو سرکل ساہیوال میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا‘احتجاجی شرکاء نے پلے کارڈاٹھارکھے تھے جن پر حکومت پاکستان سے آئندہ بجٹ میں ملازمین کی تنخواہیں مہنگائی کے تناسب سے بڑھانے کا مطالبہ درج تھا۔

(جاری ہے)

احتجاجی شرکاء سے خطا ب کرتے ہوئے ڈویژنل چیئرمین بائوخالد جاوید اورریجنل وائس چیئرمین میپکو امجد خاںنے کہا کہ ملازمین اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر ملک کوروشن کئے ہوئے ہیں لیکن ان کی تنخواہیں مہنگائی کے تناسب سے نہیں بڑھائی جاتی جوظلم کے مترادف ہے۔

مزدو رکی تنخواہ کم ازکم آدھا تولہ سونے کے برابر کرنیکی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے مزدور شہیدہورہے ہیں جس کی ایک وجہ مہنگائی بھی ہے کہ مزدور کام کے دوران گھریلوپریشانیوں کے باعث غلطی کرکے اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھتاہے اگر مزدور خوشحال ہوگاتوتمام پریشانیوں سے بالاترہوکر احسن طریقہ سے کام کریگا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آنے والے بجٹ میں تنخواہوں میں اضافہ 100فیصد کیاجائے۔