پی آئی اے انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ نے ائر بسA320 لینڈنگ گیئر کی اووہالنگ کامیابی سے مکمل کر لی

وزیر اعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن سردار مہتاب احمد خان کا پی آئی اے انجینئرنگ ہینگر میں تقریب سے خطاب

جمعرات 25 مئی 2017 22:18

پی آئی اے انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ نے ائر بسA320 لینڈنگ گیئر کی اووہالنگ کامیابی ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2017ء) پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی ای) کے انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ نے ائر بسA320 لینڈنگ گیئر کی اووہالنگ کامیابی سے مکمل کر لی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن سردار مہتاب احمد خان نے جمعرات کو یہاں پی آئی اے انجینئرنگ ہینگر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پی آئی اے کو تقریباً 5 لاکھ ڈالر کی بچت ہوئی ہے اور وہ پی آئی اے کو دنیا کی پانچ بہتریں ائر لائنوں میں دیکھنا چاہتے ہیں اور بہت جلد اس کو حاصل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو اپنی انجینئرنگ سہولیات کو وسعت دے کر دوسری ائر لائنوں کو سروس فراہم کر کے زر مبادلہ کے حصول کے ساتھ لوگوں کو نوکریاں بھی ملیں گی۔

(جاری ہے)

سردار مہتاب نے کہا کہ ابھی آسمان پر گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں لیکن وہ پی آئی اے کے روشن دنوں کی امید رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ واقعات سے پی آئی اے کی ساکھ متاثر ہوئی لیکن اس میں ملوث افراد کو معاف نہیں کیا جائے وہ نہ صرف پی آئی اے بلکہ پاکستان کے بھی دشمن ہیں۔ پی آئی اے ایک حقیقت ہے اور یہ موجود رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ دوسری ائر لائنوں کے طیاروں کی مرمت سے حاصل ہونے والی آمدن سے انجینئرنگ کے ملازمین کو 25 فیصد حصہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے انجینئرنگ کو ایک علیحدہ یونٹ بنایا جا ئے تاکہ وہ پی آئی اے کے لئے منافع حاصل کر سکے۔ تقریب کے اختتام پر لینڈنگ گیئر اوور ہال کرنے والی انجینئرز کی ٹیم میں سرٹیفیکٹ تقسیم کئے گئے۔