فلاحی معاشرہ کی تشکیل میں علما ء کرام اہم کردار ادا کررہے ہیں،گورنر سندھ

علما ء کرام محراب و منبر سے معاشرہ میں ہم آہنگی ، رواداری ، بھائی چارے کے فروغ کا درس دیں،محمد زبیر ہمیں معاشرہ سے عدم برداشت کے رویہ کو ختم کرنا ہوگا، مختلف مکتبہ فکر کے علماء کرام کے اجلاس سے خطاب

جمعرات 25 مئی 2017 22:06

فلاحی معاشرہ کی تشکیل میں علما ء کرام اہم کردار ادا کررہے ہیں،گورنر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ فلاحی معاشرہ کی تشکیل میں علما ء کرام اہم کردار ادا کررہے ہیں ، علما ء کرام محراب و منبر سے معاشرہ میں ہم آہنگی ، رواداری ، بھائی چارے کے فروغ کا درس دیں،اچھی سوسائٹی وہ ہوتی جہاں لوگ ایک دوسرے کا احترام کریں ، اسلام برداشت کا درس دینا ہے ہمیں معاشرہ سے عدم برداشت کے رویہ کو ختم کرنا ہوگا اس ضمن میں علما کرام کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں، رمضان المبارک میں بجلی کی تسلسل سے فراہمی اور پانی کے مسئلہ حل کرنے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ،مبارک مہینہ میں شکایات کے لئے سی پی ایل سی میں ایک ہاٹ لائن سروس قائم کردی جائے گی تاکہ مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جا سکے۔

ان خیالات کااظہا ر انہوں نے گورنر ہائوس میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے علما ء کرام کے اجلاس خطاب میں کیا ۔

(جاری ہے)

وفد میں حاجی حنیف طیب ، عرفان حیدر عابدی ، قاری عثمان ، علامہ عباس کمیلی ، علامہ سید وقار حسین تقی ، مستنصر پونا والا، محمد امین لاکھانی ، پیر اظہر ہمدانی ، شبر رضا ، عاطف بلو ،مفتی عبد الرزاق اور صدیق راٹھور سمیت دیگر علماء کرام بھی شریک تھے ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ہر طبقہ فکر سے ملاقات کرنا ضروری ہو تا ہے جن میں علما ء کرام ، تاجر ،صنعت کار ، طلبہ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں تاکہ معاشرہ میں امن وامان ، ترقی ، سماجی ، اقتصادی و معاشی سرگرمیوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ 2013 ء میں یہاں صورتحال بہت خراب تھی حکومت نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پیج پر جمع کرکے آپریشن کا آغاز کیا یہ ایک مشکل فیصلہ تھا لیکن آج آپریشن کے ثمرات سب کے سامنے ہے ۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک برداشت اور احساس کا درس دیتا ہے اور یہ برداشت کا رویہ اور احساس پورے برس رہنا چاہئے ، ہم سب کو مل کر کراچی کو ایک اچھا شہر بنانا ہوگا، کراچی ترقی کرے گا تو پورا ملک ترقی کرے گا اس ضمن میں علما ء کرام کو میرا تعاون ہر وقت دستیاب رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں بجلی کی اہمیت بہت بڑھ جاتی ہے، مبارک مہینہ میں بجلی کی تسلسل سے فراہمی کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں لیکن جہاں کے الیکٹرک کی کمزوریاں ہیں ہم انھیں ٹھیک کر ا رہے ہیں اس ضمن میں کے الیکٹرک سے گذشتہ دو ماہ سے مسلسل رابطہ ہے ان سے متعدد اجلاس بھی ہو چکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہر مہینے ایک بجلی گھر تعمیر ہو رہا ہے ، پورٹ قاسم پر بھی زیر تعمیر بجلی گھر تکمیل کے مراحل میں ہے ، چھ مہینوں میں کراچی سے بجلی کا مسئلہ حل کرانے کی پوری کوششیں جاری ہیں، شہر میں پانی کے مسئلہ کے حل کے لئے واٹر بورڈ حکام کو اس جانب بھرپور اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ، حکومت عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے ا س ضمن میں معاشرہ میں نظم و ضبط سے خوش گوار تبدیلی لائی جا سکتی ہے اس سلسلہ میں ہر ایک کو اپنی اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی حنیف طیب نے کہا کہ رمضان المبارک کے ایام میں زیر تعمیر منصوبوں کے اطراف ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ روزہ داروں کو مشکلات و تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ قاری محمد عثما ن نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل علماء کرام کا اجلاس منعقد کرکے ان سے تجاویز لینا خوش آئند اقدام ہے ۔محمد صدیق راٹھور نے کہا کہ گورنر سندھ نے آج وقت پر اجلاس شروع کرکے ایک اچھی روایت قائم کردی ہے اس طرح نظم و ضبط کو تقویت دی جا سکتی ہے۔

حضرت ولی نے گورنر سندھ کو دارلعلوم آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لئے علما ء کرام کا تعاون حکومت کے ساتھ ہے ۔ علامہ عباس کمیلی نے کہا کہ پر امن رمضان المبارک کے انعقاد کے لئے علماء کرام حکومت کے ساتھ ہیں ، لوڈشیڈنگ سے روزہ داروں کی مشکلات میں اضافہ ہوگا ، بجلی تسلسل سے فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے ، جن علاقوں میں پانی نہیں پہنچ پا رہا ہے وہاں پانی مہیا کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :