کرپشن کرنے والے موت اور خوف خدا کو بھول جاتے ہیں‘ہمیں متحد ہو کر ضرب عضب جیسا جذبہ پیدا کرکے کرپشن کا خاتمہ کرنا ہوگا‘حکومت کسی بھی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کرے گی۔نیب کرپشن کے خاتمے کے لئے اہم کردار ادا کررہا ہے

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کا ملتان میں سیمینار سے خطاب

جمعرات 25 مئی 2017 22:02

کرپشن کرنے والے موت اور خوف خدا کو بھول جاتے ہیں‘ہمیں متحد ہو کر ضرب ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 مئی2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ کرپشن کرنے والے موت اور خوف خدا کو بھول جاتے ہیں۔ بد عنوانی نے ہمارے معاشرے کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ہے ہمیں متحد ہو کر ضرب عضب جیسا جذبہ پیدا کرکے کرپشن کا خاتمہ کرنا ہوگا۔سرکاری اداروں میں کرپشن روکنا انتہائی ضروری ہے عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ جو ان کی فلاح و بہبود پر خرچ ہونا چاہیے کرپٹ عناصر اس کو کرپشن کی بھینٹ چڑھا دیتے ہیں۔

بدعنوانی کے حوالے سے ہماری پالیسی زیرو ٹالرنس ہے موجودہ حکومت کسی بھی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کرے گی نیب کرپشن کے خاتمے کے لئے اہم کردار ادا کررہا ہے اس حوالے سے مزید قانون سازی میں بہتری لانے کی ضرورت ہے تاکہ وقت کے تقاضوں کے مطابق بدعنوانی کو ختم کرنے کے لئے بہتر طریقہ کار اختیار کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار آرٹس کونسل ملتان میں نیب ملتان کے زیر اہتمام ایک سیمینار بعنوان’’ سرکاری مالیتی اداروں میں کرپشن اور فراڈکی روک تھام ‘‘سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈی جی نیب ملتان عتیق الرحمن ، کمشنر ملتان ڈویثرن بلال احمد بٹ ، ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ ، چیئرمین ضلع کونسل وہاڑی پیر غلام محی الدین چشتی ، نیب اور دیگر سرکاری اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسان کو قناعت پسندی کو اختیار کرنا چاہیے اور یہ اللہ تعالیٰ کو بھی پسند ہے جب انسان اپنے وسائل کے مقابلے میں خواہشات کو بڑھا دیتا ہے تو پھر وہ بد عنوانی کی طرف نکل جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انسان جب کوئی غلط کام کرتا ہے اگر وہ یہ سوچ لے کہ اللہ تعالیٰ اسے دیکھ رہا ہے تو وہ یقینا گناہ کرنے سے بچ جاتا ہے کرپشن کی بیماری سے بچنے کے لئے سب سے ضروری چیز خوف خدا کا پیدا ہونا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اختیار ات کا ناجائز استعمال قابل گرفت ہے ہمیں اپنے اختیارات کو بھی قانون کے دائرے میں رہ کر استعمال کرنا ہوگا۔

گورنر پنجاب نیب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسا ادارہ ہے جوحکمرانوں اور افسران کابھی احتساب کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرا یہ کہنا ہے کہ کسی بھی گناہ گار کو چھوڑا نہ جائے اور کسی بے گناہ کو تنگ نہ کیا جائے۔گورنر پنجاب ملک محمد رفیق نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے مختلف پاور پراجیکٹس کی تعمیر میں بین الاقوامی ریٹس کے مقابلے میں 132ارب روپے کی بچت کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے تمام سرکاری افسران کو چاہیے کہ وہ قوم کے پیسے کو ایک امانت سمجھیں اور کسی بھی قسم کی بدعنوانی میں ضائع نہ ہونے دیں اور ایسا کوئی کام نہ کریں جس کی وجہ سے انہیں کل کو پچھتانا پڑے۔ تقریب کے آخر میں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کو ڈائریکٹر جنرل نیب ملتان عتیق الرحمن نے یادگاری شیلڈ پیش کی۔