ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کامقررہ مدت سے قبل افتتاح’’شہبازسپیڈ‘‘ کا کریڈٹ

شہبازشریف ایک مدبربن کر ابھر ے ہیں ،چین کی قیادت وزیراعلیٰ پنجاب پر مکمل اعتماد کرتی ہے ،صوبائی وزراء کا وزیراعلیٰ کو خراج تحسین

جمعرات 25 مئی 2017 21:45

ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کامقررہ مدت سے قبل افتتاح’’شہبازسپیڈ‘‘ ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2017ء) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کے خصوصی اجلاس کے دوران صوبائی وزراء نے توانائی کے منصوبوں کی انتہائی برق رفتاری سے تکمیل اورملک کودیگر مسائل سے نجات دلانے کیلئے مخلصانہ کاوشوں پر وزیراعظم محمد نوازشریف اوروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اوروزیراعلیٰ پنجاب کی بصیرت اورقائدانہ صلاحیتوںکے باعث آج ملک میںلوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اورتوانائی کے کئی منصوبے مکمل کرلئے گئے ہیں اورکئی تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔

اجلاس میں صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ نے توانائی بحران کے خاتمے کیلئے وزیراعظم اوروزیراعلیٰ کی جانب سے کی جانے والی مخلصانہ کاوشوں پر قرار دادتشکر پیش کی،جسے کابینہ کے تمام اراکین نے اتفاق رائے سے منظور کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے محنت،دیانت اور امانت کے ذریعے منصوبوں کو بے پناہ رفتار سے آگے بڑھایا ہے اور ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کا افتتاح پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت اور ’’شہبازسپیڈ‘‘ کا بہت بڑا کریڈٹ ہے ۔

صوبائی وزیر رانا مشہود احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف ایک مدبربن کر ابھر ے ہیں اورچین کی قیادت وزیراعلیٰ شہبازشریف پر مکمل اعتماد کرتی ہے ۔وزیراعلیٰ شہبازشریف کا عوام کی خدمت کا ویژن اورعزم اپنی مثال آپ ہے۔صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرورنے کہا کہ آپ نے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کے ذریعے ناممکن کو ممکن کردکھایا ہے اور قوم کی توقعات پر پورا اترے ہیںاورملک میں لوڈ شیڈنگ بہت حد تک ختم ہوئی ہے ۔

صوبائی وزیر منشا ء اللہ بٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی محنت شاقہ اپنی مثال آپ ہے اورشہبازشریف نے جس قدر محنت کے ذریعے توانائی منصوبوں کو مکمل کیا ہے اس کی نظیر نہیں ملتی۔صوبائی وزراء عائشہ غوث پاشا ،چوہدری شیر علی،زعیم حسین قادری،خلیل طاہر سندھو،اقبال چنڑ اورمعاون خصوصی رانا ارشد نے بھی وزیراعلیٰ شہباز شریف کی انتھک محنت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ جو کہتے ہیں وہ کرتے ہیں اوراسی لئے عوام آپ سے محبت کرتے ہیں ۔

پنجاب کابینہ کے اجلاس میںساہیوال کول پاور پراجیکٹ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پر وزیراعظم محمد نوازشریف،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف،پاکستان اور پنجاب کے عوام کومبارکباد دی گئی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی جہانزیب خان نے 2013ء لیکر 2017ء تک توانائی منصوبوں کے حوالے سے کی جانیوالی کاوشوں اورپیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ 2013ء میں ملک کو بجلی کی تقریباً45 فیصد کمی کا سامنا تھا اورآج کئی منصوبے مکمل ہوچکے ہیں اورکئی مکمل ہونے کے قریب ہیں۔

حکومت کی جانب سے اب تک 3ہزار میگاواٹ کے منصوبے آپریشنل ہوچکے ہیں اور مجموعی طورپر14ہزار میگاواٹ کے منصوبوں پر کام جاری ہے اوریہ منصوبے 30ارب ڈالر کے ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں اتنی بڑی سرمایہ کاری آج تک توانائی سیکٹر میں نہیں ہوئی۔