سرائیکی علاقے کے پہلے نیوزچینل روہی کی نشریات شروع ہوگئیں

جمعرات 25 مئی 2017 23:16

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2017ء)جمعرات کو ملتان سے سرائیکی علاقے کے پہلے نیوز چینل ’’روہی‘‘ نے اپنی نشریات کا باضابطہ آغاز کردیا۔ اس سلسلے میں ایک رنگا رنگ تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر اطلاعات مجتبیٰ شجاع الرحمن ،سابق وزراء اعظم یوسف رضا گیلانی، چودھری شجاعت حسین سمیت صوبائی وزراء، اراکین قومی وصوبائی اسمبلی، سیاسی رہنمائوں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

روہی نیوزچینل سٹی نیوز نیٹ ورک کا حصہ ہے اور یہ سرائیکی علاقے میں اپنی نوعیت کا پہلا نیوز چینل ہے۔ تقریب میں ملتان ،ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، میانوالی اور دیگر علاقوں کے بیوروچیف اور رپورٹرز بھی موجود تھے۔ اس موقع پرصوبائی وزیر اطلاعات مجتبیٰ شجاع الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ لاہور میں چینل سی 42اپنی پہچان کرواچکا ہے۔

(جاری ہے)

محسن نقوی کی قیادت میں یہ چینل لاہور کی آواز بن چکا ہے اورہمیں شہر کی تمام سرگرمیوں کااسی چینل سے علم ہوتا ہے۔

اس کے علاوہ یہی چینل فیصل آباد اور برطانیہ میں بھی اطلاعات کا بڑا ذریعہ ہے۔اس کے علاوہ اسی ادارے کاچینل 24پاکستان بھر میں دیکھاجارہاہے۔خوشی کی بات یہ ہے کہ اب یہ ادارہ روہی کے نام سے سرائیکی علاقے کے لیے نیوز چینل کا آغاز کررہا ہے۔یقیناً اس کے ذریعے ہمیں اس خطے کی محرومیوں سے آگاہی ہو گی۔تقریب سے سٹی نیوزنیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو محسن نقوی،کنٹرولر سائوتھ جمشید رضوانی نے بھی خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس چینل کو پورے سرائیکی خطے کے آوازبنائیں گے۔اس خطے میں بہت سی محرومیاں ہیں اور بہت سے مسائل۔ہم ان محرومیوں اور مسائل کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ یہاں کی ثقافت اور فنکاروں کو بھی قومی دھارے میں لائیں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں دو ہی چینل ہیں ایک جمہوریت اور دوسرا میڈیا۔یہ دونوں چینل پاکستان کے استحکام کی ضمانت ہیں۔