پاکستان کو 2018میں ایشیئن ٹائیگر بنا کر ہی دم لینگے ،نوازشریف

2013میں جب مسلم لیگ ن کی حکومت برسراقتدار آئی تو ملک کو تین چیلنجز درپیش تھے جن میں توانائی کا بحران ، دہشت گردی عروج پر اور اقتصادی صورتحال تباہ ہو چکی تھی چنانچہ حکومت نے عہد کیا کہ وہ ملک کو ان چیلنجز سے نجات دلا کر دم لینگے اب دہشت گردی کی حکومت نے کمر توڑ دی ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک جنگ جاری رکھیںگے �ک بجلی کی لوڈ شیڈنگ بھی مکمل طور پر ختم کر دینگے،قادر آباد کول پاور پلانٹ کے پہلے 660میگا وواٹ کے پیداواری یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعرات 25 مئی 2017 23:22

پاکستان کو 2018میں ایشیئن ٹائیگر بنا کر ہی دم لینگے ،نوازشریف
ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2017ء) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کو 2018میں ایشیئن ٹائیگر بنا کر ہی دم لینگے ، 2013میں جب مسلم لیگ ن کی حکومت برسراقتدار آئی تو ملک کو تین چیلنجز درپیش تھے جن میں توانائی کا بحران ، دہشت گردی عروج پر اور اقتصادی صورتحال تباہ ہو چکی تھی چنانچہ حکومت نے عہد کیا کہ وہ ملک کو ان چیلنجز سے نجات دلا کر دم لینگے ۔

اب دہشت گردی کی حکومت نے کمر توڑ دی ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک جنگ جاری رکھیںگے ۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے جمعرات کے روز قادر آباد کول پاور پلانٹ کے پہلے 660میگا وواٹ کے پیداواری یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیر اعظم نواز شر یف نے کہا کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے سی پیک منصوبے کے تحت چین کی مدد سے 36ارب ڈالر کی لاگت سے بجلی کی پیداوار کے کارخانے لگائے جا رہے ہیں جن میں قادر آباد کول پاور پلانٹ 22ماہ کی قلیل مدت میں پہلے پیداواری یونٹ نے 660میگا وواٹ بجلی کی پیداوار شروع کر دی ہے جسے قومی گرڈ میں شامل کر دیا ہے اب یک بعد دیگرے دس ہزار میگا وواٹ بجلی کے کارخانے مکمل کرکے 2018تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ مکمل طور پر ختم کر دینگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گیس کی لوڈ شیڈنگ این ایل جی کے ذریعے ختم کر دی گئی ہیں اور صنعتی ترقی کے لیے صنعتوں کو 24گھنٹے بجلی کی فراہمی جا ری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تربیلا ڈیم سے تیرہ سو میگا وواٹ بجلی کی پیدوار شامل کر رہے ہیں نیلم جہلم پراجیکٹ سے 969میگا وواٹ اورسولر پاور سے بجلی کی مزید پیداوار شامل کرینگے ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے تحت 56ارب ڈالر کی چین پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہا ہے اس منصوبے کی تکمیل سے چین سمیت 67ممالک سے پاکستان تجارت کر سکے گا اور خطہ میں خوشحالی کا دور دورہ ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ چین کی قیادت نے پاکستان پر جس بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے پاکستان کے عوام چینی قیادت کے مشکور ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے سابقہ دور حکومت 1999میں اسلام آباد سے لاہور موٹرووے 21ارب روپے کی لاگت سے بنوائی تھی لیکن اگلی حکومتوں نے مرمت بھی نہ کرائی حالانکہ اب یہ 350ار ب روپے کا قومی منصوبہ ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک منصوبہ چار ، چار مرتبہ تبدیل کرنا پڑتا تھا اور سابقہ حکمرانوں نے ا س روایت کو برقرار رکھا جنرل مشرف اور پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں کرپشن انتہا کی ہو گئی تھی جس کا حکومت نے تدارک کیا ہے ، اقتصادی صورتحال کو تبدیل کرنے کے لیے دو رس اقدامات کیے جس کی وجہ سے ملک اب ترقی کی راہ پر گامز ن ہے اور پاکستان دنیا کے اقتصادی ترقی میں آگے جانے والے پانچ ممالک کی صف میں شامل ہوچکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن الزام تراشی اور ملک کو اقتصادی طور پر تباہ کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت پاکستان کی ترقی کے لیے کسانوں اور غریبوں کی خوشحالی کے منصوبوں پر کام کرتی رہیگی اور الزام تراشی کی سیاست کرنے والوں کی سیاست دھری کی دھری رہ جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم گھٹیا الزامات کا کوئی جواب نہیں دینگے ۔

وزیر اعظم نے قادر آباد کول پاور پلانٹ کے انجینئروں اور سٹاف کو 22ماہ میں کول پاور پلانٹ کی پیدوار شروع کرنے پر مبارکباد دی اور ایک ماہ کا بونس دینے کا اعلان کیا ۔اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ دھرنا سیاست کی وجہ سے 2014میں پاک چین معاہدہ نہ ہوسکا کیونکہ ہم نے دھرنا سیاست کے لیڈروں سے اپیل کی کے چین کے صدر اسلام آباد آ رہے ہیں اس لیے دھرنا ختم کر دوں اور وہ دھرنا سیاست ختم کر کے ملک کی ترقی میں حصہ ڈال لیں لیکن انہوںنے ہماری اپیل مسترد کر دی جس کی وجہ سے سی پیک منصوبے 2014کی بجائی31اپریل 2015کو کرنا پڑے جس کی وجہ سے ترقیاتی عمل رکاوٹ آئی ۔

انہوں نے کہا کہ فوجی ڈیکٹیٹر نے بھاشا ڈیم کی زمین خریدی ہی نہیں تھی اب حکومت نے 60ارب روپے سے بھاشا ڈیم کے لیے مختص کرکے زمین کی خریداری کا عمل شروع کر دیا ہے ۔ انہوں نے سابق سیاستدانوں پر ملک کو لوٹنے اور دیگر سنگین نوعیت کے الزام لگائے ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر سی وی ڈونگ نے کہا کہ سی پیک منصوبے پاک چین دوستی کی عظیم مثال ہیں اور ترقی کی جانب اہم قدم ہے قادر آباد کول پاور پلانٹ سے ایک کروڑ افراد مستفید ہونگے اور 200پاکستانی انجینئر چین سے تربیت حاصل کر کے پاکستان آئے ہیں اور انہوں نے پاور پلانٹ کی تعمیر میں تاریخی کرادار ادا کیا ہے اور اب اس پلانٹ کی تعمیر سے تین ہزار افرادکو روزگار ملے گا ۔

انہوں نے آخر میں پاک چین دوستی زندہ باد کے نعرہ سے اپنی تقریب کا اختتام کیا۔