شرح خواندگی 100 فیصد تک پہنچانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے،گورنرخیبرپختونخوا

جمعرات 25 مئی 2017 20:43

شرح خواندگی 100 فیصد تک پہنچانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے،گورنرخیبرپختونخوا
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2017ء) گورنرخیبرپختونخواانجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ شرح خواندگی کو 100 فیصد تک پہنچانے کیلئے تمام صوبوں کومشترکہ کوششیں کرنے ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ٹیلینٹ کی کوئی کمی نہیں لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ اس کو مثبت انداز میں استعمال کیاجائے جس کیلئے ہمیں تعلیم پر خصوصی توجہ دیناہوگی۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاورمیں منعقدہ دسویں بین الصوبائی تعلیم کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیرمملکت برائے تعلیم بلیغ الرحمان ، سندھ ،پنجاب ،بلوچستان ،خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان اورآزادکشمیر کے وزرائے تعلیم کے علاوہ کثیرتعداد میں ماہرین تعلیم بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

گورنر نے امید ظاہر کی کہ اس قسم کی کانفرنسز جوکہ تمام صوبوں میں منعقد کی جارہی ہے، میں ماہر ین تعلیم کے علاوہ، صوبائی حکومت خصوصا محکمہ تعلیم ایک جامع منصوبہ بندی کے تحت تعلیم کے شعبے میں مثبت اقدامات اٹھارہی ہے جس سے یقینا شرح خواندگی میں خاطرخواہ اضافہ ہوگا۔قبل ازیں وفاقی وزیرممکت نے کانفرنس کے اغراض ومقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت نہ صرف تعلیم کے فروغ کیلئے موثراقدامات اٹھارہی ہے بلکہ تمام صوبوں کے اتفاق رائے سے تعلیم کے شعبے میں وسیع پیمانے پر اصلاحات لارہی ہے جس سے یقینا ملک میں شرخ خواندگی کو100 فیصد تک بڑھانے میں مدد ملے گی۔