وزارت موسمیاتی تبدیلی نے گرین پاکستان پروگرام یونٹ کے قیام کیلئے بھرتیوں کا تمام عمل مکمل کر لیا

جمعرات 25 مئی 2017 19:53

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2017ء) وزارت موسمیاتی تبدیلی نے گرین پاکستان پروگرام یونٹ کے قیام کیلئے بھرتیوں کا تمام عمل مکمل کر لیا۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے جمعرات کو جاری تفصیلات کے مطابق نیشنل پروجیکٹ ڈائریکٹر، ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر، وائلڈ لائف سپیشلسٹ، مانیٹرنگ اینڈ اویلیوایشن سپیشلسٹ ایم اینڈ ای سپیشلسٹ ،جی آئی ایس منیجر، ایڈمن اینڈ فنانس آفیسر، ایڈمن اینڈ فنانس اسسٹنٹ، ڈرائیور ، آفس بوائے اور سیکورٹی گارڈز کی ملازمتوں بارے اخبارات میں اشتہار دیا گیا جو کہ 14مارچ 2017ء کو اخبارات میں چھپا اس اشتہار کے جواب میں آنے والی درخواستیں دینے والوں کے وزارت موسمیاتی تبدیلی میں ٹیسٹ اور انٹرویوز کئے گئے، ٹیکنیکل اور سپورٹنگ عملہ کی آسامیوں کے اکثر درخواست دہندگان اب اپنی ملازمتوں پر کام کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

یہ یونٹ گرین پاکستان پروگرام پر عمل درآمد کے سلسلہ میں صوبوں سے رابطہ کاری کرے گا اوراس کے علاوہ ان کی معاونت بھی کرے گا۔گرین پاکستان پروگرام 2015ء میں پیرس میں ہونے والی سی او پی کانفرنس میں وزیر اعظم کے کئے گئے وعدے کے بعد شروع کیا گیا تھا جس کا مقصد پاکستان کو سر سبز بنانے کے ساتھ ساتھ جنگلات اور جنگلی حیات کا احیاء ہے۔ اگرچہ یہ 18ویں ترمیم کے تحت اختیارات کی صوبوں کو منتقلی سے بھی کافی پہلے کئی عشروں سے صوبائی معاملات ہیں تاہم پاکستان میں جنگلات اور جنگلی حیات کے احیاء کے لئے گرین پاکستان پروگرام کا تصور مساوی بنیادوں پر عمل درآمد کے حوالہ سے دیا گیا جس پر تمام صوبوں اور وفاقی یونٹوں کی مدد سے عمل درآمد کیا جانا تھا ۔

وزیر اعظم پاکستان نے ایک ارب روپے مالیتی گرین پاکستان پروگرام کی 26مئی 2016ء کو منظوری دی تھی اس کے لئے رواں مالی سال میں ایک ارب روپے مختص کئے گئے تھے ۔صوبائی حکومتوں کی طرف سے مالی حصہ ڈالنے کا وعدہ کیا گیا تھا ۔ وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی نے تمام صوبائی وزراء اعلی کو ، فاٹا کے لئے گورنر خیبر پختونخوا اور آزاد و جموں کشمیر کے وزیر اعظم کو 8جون 2016ء کو خطوط لکھے تاکہ پروگرام کے لئے مالیاتی حصوں کے مطابق رقوم کی فراہمی اور پی سی ون تیار کئے جا سکیں ۔

سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی نے صوبائی محکمہ ہائے منصوبہ بندی و ترقیات کو بھی فنڈز کی فراہمی کا احساس دلایا تاکہ گرین پاکستان پروگرام کے لئے فنڈنگ یقینی بنائی جا سکے ۔ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد کی صدارت میں 29جون 2016ء کو مشاورتی اجلاس بھی منعقد ہوا تاکہ صوبائی حکومتوں کی طرف سے اس پروگرام پر عمل درآمد کے حوالہ سے کارروائی کو تیز کیا جا سکے ۔

آخر کا ر قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے 10نومبر 2016ء کو 3.6252ارب روپوں کے منصوبوں کی منظوری دی ۔وزارت منصوبہ بندی ، ترقیاتی اور اصلاحات نے 2فروری 2017ء کو منصوبہ پر عمل درآمد کے بارے میں اختیار دیا ۔ وزیر اعظم پاکستان نے 9فروری 2017ء کو گرین پاکستان پروگرام کا افتتاح کیا ۔مزید برآں گرین پاکستان پروگرام کے جنگلی حیات بارے شعبہ کے حوالہ سے بھی صوبوں سے 24اگست 2016ء تک مشاورت کی گئی اور تمام صوبائی اور علاقائی حکومتوں نے 9اگست سے لے کر نومبر2016ء تک تمام متعلقہ فورمز اور اداروں سے اس ضمن میں منظوریاں لے لیں اب اس پروگرام پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے جس کے دیگر دو پہلوئوں میں دو آلوجیکل سروے آف پاکستان کا احیاء اور اسلام آباد میں نیشنل ذوآلوجیکل کم نباتاتی گارڈنز پر کام کا آغاز بھی شامل ہے۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی میں گرین پاکستان پروگرام کے قیام سے اس پراجیکٹ پر موثر طور پر عمل درآمد کرنے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :