وزیراعظم کا ساہیوال کے کول پاور پلانٹ کے پہلے یونٹ کاافتتاح

منصوبے پر 152ارب روپے لاگت آئی ، دوسرایونٹ جون کے پہلے ہفتہ میں کام شروع کرے گا،یہ منصوبہ22 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہوا، نوازشریف کی تقریب کے آغاز سے قبل منصوبے کی تختی کی نقاب کشائی،قاری صداقت نے دعاکرائی، وزیراعظم اور چینی ماہرین کا خطاب

جمعرات 25 مئی 2017 19:26

وزیراعظم کا ساہیوال کے کول پاور پلانٹ کے پہلے یونٹ کاافتتاح
ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 مئی2017ء) وزیراعظم محمدنوازشریف نے ساہیوال کے کول پاور پلانٹ کے پہلے یونٹ کاافتتاح کردیا ‘اس موقع پروزیراعظم کے ہمراہ گورنرپنجاب رفیق رجوانہ ‘ وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف ‘ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق ‘ وزیرمملکت برائے پانی وبجلی عابدشیرعلی کے علاوہ دیگر حکام بھی موجودتھے۔

منصوبے کاسنگ بنیاد 30مئی 2014 کو وزیراعظم محمدنوازشریف نے ہی کیاتھا۔ منصوبے پر 152ارب روپے لاگت آئی ہے اوراس کا دوسرایونٹ جون کے پہلے ہفتہ میں کام شروع کرے گا۔

(جاری ہے)

یہ منصوبہ 22 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہواہے۔ اس موقع پروزیراعظم محمدنوازشریف نے تقریب کے آغاز سے قبل منصوبے کی تختی کی نقاب کشائی کی ۔ اس موقع پرقاری صداقت علی نے دعاکرائی۔

تقریب سے وزیراعظم محمدنوازشریف اور چینی ماہرین نے خطاب کیا۔ یادرہے کہ ڈویژنل انتظامیہ نے ساہیوال کول پاورپراجیکٹ کی افتتاحی تقریب میں ایک ہزار افراد کو مخصوص دعوتی کارڈ جاری کئے تھے جس میں ممبران قومی وصوبائی اسمبلی ‘بلدیاتی اداروں کے سربراہان ‘چیئرمین ‘وائس چیئرمین کے علاوہ سینکڑوں سرکاری افسران واہلکاران شامل تھے۔ تقریب میں شرکت کیلئے مقامی صحافیوں کودعوتی کارڈ جاری نہیں کئے گئے۔