دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے خضدار سٹی کودوسرے شہروں کے برابر لانے کی کوششیں کررہے ہیں،میر خضدارعبدالرحیم کرد

جمعرات 25 مئی 2017 19:05

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2017ء) میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد نے کہاہے کہ دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے خضدار سٹی کو تعمیر و ترقی اور اسے خوبصورت بنانے و آراستہ کرنے میں دوسرے شہروں کے برابر لانے کی کوششیں کررہے ہیں ۔آج خضدار شہر کی صفائی اور ستہرائی دوسرے شہروں سے بڑھ کر اور سب سے اعلیٰ ہے ۔ میونسپل کارپوریشن عملہ ضلعی انتظامیہ سے ملکر ہمہ وقت شہر کو آراستہ کرنے میں مصروف عمل رہتاہے۔

پہلی بار خضدار شہر میں کروڑوں روپے لگ رہے ہیں گور نر بلوچستان اور صوبائی حکومت کا تعاون ہمیں حاصل ہے ،صوبائی وزیر زراعت و فنانس سردارمحمد اسلم بزنجو وقتا فوقتاً ہماری رہنمائی کرتے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے خضدار شہر میں مختلف مقامات کے دورے اور اسکیمات کے جائزہ لینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میونسپل کارپوریشن کے ممبران کے علاوہ چیف آفیسر عبدالقیوم عمرانی سب انجینئر ہدایت اللہ زہری انجینئر ظہوراحمد زہری بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد نے کہاکہ خضدار شہر آنے والے دور میں سب سے خوبصورت شہر بن کر ابھرے گا۔صوبائی وزیر سردار محمد اسلم بزنجو کے ہم مشکور ہیں کہ خضدار شہر کی خوبصورتی کے لئے وہ ہمہ وقت ہمارے ساتھ تعاون کرتے ہیں اور ہماری سرپرستی بھی کرتے ہیں ۔ خضدار شہر کی اہمیت اس لئے سب سے بڑھ کر ہے کہ اہم شاہراہیں خضدار کو لنک کرکے دوسرے شہروں کو جا کر ملتی ہیں ۔

جب کہ کئی اعلیٰ قسم کی تعلیمی ادارے بھی خضدار میں بن رہے ہیں خضدار سی پیک منصوبے میں شامل ہے جہاں قتصادی زونز بھی بنیں گے ۔ خضدار میں اس سے قبل سڑکوں کی تعمیر اور دیگر منصوبوں پر کئی کروڑ روپے خرچ ہوچکے ہیں جب کہ سیوریج سسٹم سمیت دیگر منصوبوں پر مذید کروڑوں روپے خرچ کیئے جارہے ہیں ۔ہم بلدیاتی نظام کے تحت خضدار میں خدمت کا جو عزم لیکر آئے تھے وہ مکمل کرنے میں کامیاب ہورہے ہیں ہم اپنے وعدوں سے بڑھ کر خدمت سرانجام دے رہے ہیں جس کا خضدار کے شہری بھی برملا اظہار کررہے ہیں ۔ جب بھی کوئی اسکیم یا منصوبہ شروع کرتے ہیں تو عوام کی مشاورت اور ان ہی کی مرضی و منشاء لیکر ہی اسے سرانجام دیتے ہیں ۔