ساہیوال کول پاور پراجیکٹ بجلی بحران کے خاتمہ میں مددگار ثابت ہوگا ‘ پیاف

آٹھ روپے فی یونٹ لاگت کے حساب سے سستی بجلی کی فراہمی صنعتی ترقی کا ویژن پورا ہوگا‘عرفان اقبال شیخ

جمعرات 25 مئی 2017 19:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2017ء) پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریدرز ایسوسی ایشنز فرنٹ نے کہا ہے کہ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کی بروقت تکمیل اور سسٹم میں بجلی آنے سے توانائی بحران کے خاتمہ میں مددگار ثابت ہوگا، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی خصوصی نگرانی اور ذاتی دلچسپی کے باعث ساہیوال کول پاور پراجیکٹ ریکارڈ مدت میں مکمل ہونا اور بجلی کی پیداوار کا آغاز خوش آئند ہے۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین پیاف عرفان اقبال شیخ نے سینئر وائس چیئر مین تنویر احمد صوفی اور وائس چیئرمین خواجہ شاہزیب اکرم کے ہمراہ تاجروں اور صنعتکاروںکے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ جو 660 میگا واٹ کے دو پلانٹس پر مشتمل ہے قومی گرڈ سے منسلک کیا جا چکا ہے، یہ سی پیک کے تحت پاکستان میں مکمل ہونیوالا پہلا منصوبہ ہے یہ جدید سپر کریٹیکل ٹیکنالوجی کی بدولت انسانی صحت اور ماحول کے لئے محفوظ ہے۔

(جاری ہے)

1320میگا واٹ بجلی کی فراہمی سے لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کمی ہوگی اور انڈسٹریز کو اس کی ضروریات کے مطابق آٹھ روپے فی یونٹ لاگت کے حساب سے سستی بجلی کی فراہمی سے صنعتی پہیہ مسلسل رواں دواں رہنے سے حکومت کاصنعتی ترقی کا ویژن بھی پورا ہوگا ۔عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ پنجاب میں دیگر توانائی پراجیکٹ کی تکمیل سی2018 میں توانائی بحران کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا اور لوڈ شیڈنگ قصہ پارینہ بن جائے گی۔

متعلقہ عنوان :