Live Updates

جے آئی ٹی کے دو ممبران پر اٹھائے گئے اعتراضات حقائق پر مبنی ہیں ،خود ہی الگ ہو جانا چاہیے‘ رانا ثنا اللہ خان

الیکشن کمیشن ‘ سپریم کورٹ میں جو حقائق سامنے آئے ہیں عمران خان اس میں پکڑے جا چکے ہیں ،اب وہ بچ کر نہیں جاسکتے پنجاب میں بجلی کے جو منصوبے لگ رہے ہیں اس کی پیداوار نیشنل گرڈ میں شامل ہو گی ،پورے ملک سے اندھیرے دور ہونگے‘ میڈیا سے گفتگو

جمعرات 25 مئی 2017 19:01

جے آئی ٹی کے دو ممبران پر اٹھائے گئے اعتراضات حقائق پر مبنی ہیں ،خود ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2017ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثنااللہ خان نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کے جن دو ممبران پر اعتراضات اٹھائے گئے ہیں وہ حقائق پر مبنی ہیں اور دونوں کو خود ہی اس سے الگ ہو جانا چاہیے ،الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ میں جو حقائق سامنے آئے ہیں عمران خان اس میں پکڑے جا چکے ہیں اور اب وہ بچ کر نہیں جاسکتے ،عمران خان نے خیبر پختوانخواہ میں ہزاروں میگا و اٹ بجلی کے منصوبے لگانے کا اعلان کیا لیکن ایک میگا واٹ کا منصوبہ نہیں لگ سکا،ایک ارب درخت لگانے کا اعلان کیا گیا درخت تو نہ سکے لیکن 7ارب روپے کی کرپشن کا شور ضرور مچ گیا ہے ،پنجاب میں بجلی کے جو منصوبے لگ رہے ہیں اس کی پیداوار نیشنل گرڈ میں شامل ہو گی جس سے پورے ملک سے اندھیرے دور ہوں گے۔

(جاری ہے)

پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ خان نے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کو اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ مختلف منصوبوں سے دسمبر 2017ء تک 5 ہزار میگا واٹ سسٹم میں شامل ہوجائے گی ۔ مارچ 2018ء تک 9ہزار میگا واٹ بجلی گرڈ اسٹیشن میں پہنچے گی جبکہ دیگر مقامات پر زیر تکمیل منصوبوں سے 14ہزار میگا واٹ بجلی کا حصول ممکن ہوگا جس سے ملک سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے دور ہو جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جو منصوبے لگ رہے ہیں یہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی انتھک محنت کا نتیجہ ہیں اور یہ منصوبے مقررہ مدت سے قبل از وقت مکمل ہونے جارہے ہیں ، ان منصوبوں سے صرف پنجاب کو نہیں بلکہ پورے ملک کو بجلی میسر آئے گی ۔ انہوںنے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ آج وہ لوگ تنقید کر رہے ہیں جنہوںنے اپنے پانچ سالہ دور میں ایک میگا واٹ بھی بجلی پیدا نہیں کی ۔

عمران خان نے بھی اپنے اعلان کے برعکس ایک میگا واٹ کا منصوبہ نہیں لگایا، خیبر پختوانخواہ میں ایک ارب درخت لگانے کا اعلان کیا گیا ،ایک ارب درخت تو لگ نہ سکے لیکن سات ارب کی کرپشن کا شور ضرور مچ گیا ہے جبکہ احتساب کمیشن کو تالے لگا دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ میں عمران کان کے حوالے سے جو حقائق سامنے آئے ہیں اس میںوہ بچ کر نہیں جائیںگے ۔

راشد خان کابیان حلفی اور جمائما کے انٹر ویو سے ثابت ہوتا ہے کہ مالی معاملات میں کس قدر ابہام ہے ۔انہوںنے حسین نواز کی طرف سے جے آئی ٹی کے دو ممبران پر اعتراضات اٹھانے بارے سوال کے جواب میں کہا کہ یہ حقائق پر مبنی ہیں،ایک رکن کا تعلق جنرل (ر)پرویزمشرف کے ساتھ رہا ہے جبکہ دوسرے کا تعلق (ق) لیگ سے ہے ،جے آئی ٹی کے دو ممبران پر اعتراضات درست ہوں تو پھر وہ اس رپورٹ کو متاثر کرے گی جو وہ بنائیں گے،دونوں کو خود ہی جے آئی ٹی سے الگ ہو جانا چاہیے ۔

انہوںنے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کیمسٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ مذاکرات میں پیشرفت ہوچکی ہے،حکومت کی کوشش ہے کہ دوا میں ملاوٹ کو ختم کیا جائے،کیمسٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ معاملات میں ایسا راستہ نکل آئے گا کہ ہڑتال کی نوبت نہ آئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات