سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ترک عدلیہ کے وفد کی ملاقات

پاکستان اور تر کی کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات موجودہیںجو وقت کی ہر آزمائش پر پورا اتر ے ہیں،سردار ایاز صادق عوامی ،پارلیمانی ،تجارتی، عدلیہ اور دیگر شعبوں کے مابین قریبی رابطے دونوں ممالک کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، سپیکر قومی اسمبلی کی وفد سے چیت

جمعرات 25 مئی 2017 18:47

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ترک عدلیہ کے وفد کی ملاقات
اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2017ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان اور تر کی کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات موجودہیںجو وقت کی ہر آزمائش پر پورا اتر ے ہیں،عوامی ،پارلیمانی ،تجارتی، عدلیہ اور دیگر شعبوں کے مابین قریبی رابطے دونوں ممالک کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔

تر ک عدلیہ کے ایک 13رکنی وفد نے Mr. Musa Heybet کی سر براہی میں جمعرات کے روز سپیکر قومی اسمبلی سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستان اور تر کی کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات موجودہیںجو وقت کی ہر آزمائش پر پورا اتر ے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تر کی کے مابین کثیر الجہتی تعلقات مشترکہ مفادات ،عوامی رابطوں اور مشترکہ ثقافت کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوامی ،پارلیمانی ،تجارتی، عدلیہ اور دیگر شعبوں کے مابین قریبی رابطے دونوں ممالک کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔سر دار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور تر کی علاقائی چیلینجز کا مقابلہ کرنے کے لیے پائیدارشر اکت داری کے لیے پر عزم ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اسٹرٹیجک شماروں میںتر کی کو انتہائی اہمیت حاصل ہے ۔

انہوں مزید کہا کہ پائیدار شر اکت داری جمہوریت ،علاقائی سیاست ،تر قی اور تجارت کے مشترکہ نقطہ نظر کے لیے ناگزیر ہے۔سپیکر نے 15جولائی 2016کی بغاوت کو ناکام بنانے پر تر کی کی عوام اور جمہوری نمائندوں کی جرات کو خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ دنیا نے 15جولائی کی رات انسانی عزم اور قربانی کی لازوال مثال کا مشاہدہ کیا جو سب کے لیے قابل تقلید ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عوامی عزم نے توپوں کے دھانے بند کر دیے۔ انہوں نے بغاوت کی کوشش کوناکام بنانے جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے تر کی کی عوام کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا ۔سپیکر نے وفد کے شر کاء کو بتایا کہ پاکستان میں پارلیمنٹ خود مختار ہے، ادارے مضبوط ہیں اور قانون کی حکمرانی کے لیے ایک آزاد اور مضبوط عدلیہ موجود ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم آزاد عدلیہ او ر قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں اور ریاست کے سب ادارے اپنے متعلقہ شعبوں میں آزادی کے ساتھ کام کر رہے ہیں ۔

Mr. Musa Heybetنے ترکی کے لئے سپیکر کے جذبات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کی عوام، پارلیمنٹ اورحکومت کی طرف سے تر کی میں جمہوریت اورقانون کی حکمرانی کے لیے حمایت کو سراہا ۔انہوں نے تر کی میں بغاوت کے دوران تر ک عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی پر پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا ۔انہوںنے مزید کہا کہ تر کی عالمی امن کے لیے جنگ میں پاکستان کے کردارکا معترف ہے انہوںکہا کہ پاکستان نے عالمی امن اور سیکیورٹی کے لیے بھاری قیمت چکائی ہے ۔

وفد کے سر براہ نے کہا کہ پاکستان اور تر کی کے عوام میں کئی اقدار مشترک ہیں جو باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بروئے کار لائی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں اپنے اور وفدکے دیگر ارکین کے پر تپاک استقبال اور میزبانی پر پاکستان کی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا تر کی پاکستان کو اپنا بھائی تصور کرتا ہے اور موجودہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے ۔انہوں نے باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے پارلیمانی عدلیہ ،تجارتی اور عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے کی تجویز سے اتفاق کیا۔