پولو کھلاڑی صوفی محمد عامر انٹرنیشنل پولو کے مقابلوں میں شرکت کیلئے یورپ روانہ

جمعرات 25 مئی 2017 18:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2017ء) پاکستان کے مشہور پولو کھلاڑی صوفی محمد عامر انٹرنیشنل پولو کے مقابلوں میں شرکت کیلئے یورپ روانہ ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ورلڈکپ ٹیم کے ممبر اور سینئر پولو کھلاڑی صوفی محمد عامر پاکستان میں پولو سیزن کے اختتام کے بعد دورہ یورپ پر پہلے مرحلے میں ہنگرین اوپن کھیلنے کیلئے ہنگری روانہ ہوئے۔

صوفی محمد عامر گزشتہ 15 سال سے زیادہ عرصہ سے لاہور پولو کلب، لاہور گیریژن پولو کلب، اسلام آباد پولو کلب ، راولپنڈی پولو کلب اور دنیا بھر میں پولو کے مقابلوں میں شرکت کرتے ہیں۔ پاکستان کے علاوہ وہ ہنگری، سلواکیہ، انگلینڈ اور ارجنٹائن میں بھی پولو کھیلتے ہیں۔ کئی بار نیشنل اوپن جیتنے والے اپنی ٹیم ماسٹر پینٹس کے کپتان صوفی محمد عامر کا روانگی سے قبل کہنا تھا کہ پولو ان کے خون میں رچ بس گئی ہے، پولو دنیا میں کہیں بھی کھیلنے کا موقع ملے تو وہ ضرور کھیلنے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اعلیٰ کوالٹی کی پولو کھیلی جاتی ہے۔ اب یورپ کے مختلف ممالک میں پاکستان کا نام بلند کرنے کا موقع ملا ہے جس پر بہت خوش ہوں۔ گزشتہ کئی سال سے یورپ میں پولو کھیل رہا ہوں۔ امید ہے کہ پچھلے سال کی طرح اس سال بھی میری ٹیم فائنل میں پہنچے گی اور جیتے گی۔ صوفی محمد عامر ہنگری کے بعد سلواکیہ میں اگلا ٹورنامنٹ کھیلیں گے ۔

سواکیہ کے بعد انگلینڈ میں دو ٹورنامنٹ کھیل کر رمضان کے دوسرے عشرے میں وطن واپس پہنچیں گے۔ عید کے بعد ارجنٹائن میں دو ٹورنامنٹ کھیلنے کیلئے روانہ ہوں گے۔ واضح رہے کہ صوفی محمد عامر کا تعلق پولو فیملی سے ہے۔ ان کے بڑے بھائی صوفی محمد حارث اور چھوٹے بھائی فاروق امین صوفی بھی پولو کے کھلاڑی ہیں جبکہ بیٹا اور بھتیجا بھی پولو کھیلتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :