عوام مہنگائی ، بے روزگاری ، بدامنی اور بدترین لوڈشیڈنگ کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے ‘ذکراللہ مجاہد

ملک میںمسلسل بھارتی جارحیت اور غیر ملکی مداخلت میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے ‘امیر جماعت اسلامی لاہور

جمعرات 25 مئی 2017 18:44

عوام مہنگائی ، بے روزگاری ، بدامنی اور بدترین لوڈشیڈنگ کے بوجھ تلے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2017ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ عوام مہنگائی ، بے روزگاری ، بدامنی اور بدترین لوڈشیڈنگ کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں ضلعی شوری کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امراء جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم ، ضیاء الدین انصاری ، انجینئر خالد عثمان ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد ، صدر الخدمت فائونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد ،جے آئی یوتھ لاہور کے صد ر شاہد نوید ملک ، سیکرٹری سیاسی کمیٹی چوہدری محمود الاحد،امراء علاقہ جات محمد شفیق ملک ، خالد بٹ، عبدالرشیدمرزا ودیگر عہدیداران نے شرکت کی ۔

ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ ہمارے ریاستی ، حکومتی ، انتظامی ادارے طاقتور کی کرپشن اور بدعنوانی کے سامنے بے بس ہوچکے ہیں ایسے میں عوام قومی اداروں یا ریاست پر بھروسہ کیسے کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلامی پاکستان کی بنیاد جمہوریت ، قانون کی بالا دستی اور منصفانہ و شفافیت پر مبنی حکمرانی کے نظام سے جڑی ہے مگر بدقسمتی سے عملی طور پر ہمارے سیاسی نظام میں موجود کرپٹ اور نااہل افراد ایسے نظام کو تقویت دے رہے ہیں جو سیاسی ، انتظامی اور قانونی اداروں کو مفلوج کر کے ذاتیات پر مبنی سیاست اور اپنے کاروبار کو فروغ دے رہے ہیں جس سے امیر آدمی امیر تر اور غریب آدمی غریب تر ہو رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران اپنی شاہانہ طرز حکومت ، اقرباپروری اور کرپشن چھوڑنے کو تیار نہیں جبکہ ملکی معیشت بیرونی قرضوں میں دب چکی ہے ۔ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہاکہ ملک میںمسلسل بھارتی جارحیت اور غیر ملکی مداخلت میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔اور ہمارے حکمران بھارت نواز اور اس سے دوستی کی پینگیں بڑھنے کے ایجنڈے پر مسلسل عمل پیرا ہیں ۔