’’پنجاب میرج فنکشن آرڈی نینس ‘‘پر موثر عملدرآمد کرانے میں ناکام رہنے والے سر کاری اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

تحصیل اور بڑے شہروں کے ریجن کی سطح پر بھی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی ،تھانے کی سطح پر شادی کی تقریبات میں قوانین کی پابندی کو یقینی بنانے کے عمل پر نظر رکھیں گی

جمعرات 25 مئی 2017 18:44

’’پنجاب میرج فنکشن آرڈی نینس ‘‘پر موثر عملدرآمد کرانے میں ناکام ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2017ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی جانب سے ’’پنجاب میرج فنکشن آرڈی نینس 2016 ء ‘‘ کے تحت گھروں ، میرج ہالز ، ہوٹلوں ، کلبوں ، ریسٹورنٹس ، کمیونٹی سنٹرز ، فارم ہاؤسز اور اوپن جگہوں پر شادی کی تقریب کے لئے لگائی گئی مارکیز میں شادی اور اس سے منسلک سہرابندی یا مہندی وغیرہ کی تقریبات کو رات 10 بجے کے بعد جاری رکھنے پر پابندی اور مہمانوں کی تواضع کے لئے ون ڈش تک محدود رہنے کے قانون پرپوری طرح عمل درآمد کرانے کے لیے ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ کی سربراہی میں تشکیل دی گئی خصوصی کمیٹی کا اجلاس سول سیکرٹریٹ لاہورمیں منعقد کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں میرج فنکشن آرڈی نینس کے موثر اطلاق کو یقینی بنانے کے لئے انسٹی ٹیوشنل میکا نزم وضع کرنے کے علاوہ گزشتہ چند ماہ کے دوران میرج فنکشن آرڈی نینس کی خلاف ورزی کے حوالے سے حکومت کو موصول ہونے والی شکایات کا بھی جائزہ لیا گیا- اجلاس میںخصوصی کمیٹی کے کنوینر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ کے علاوہ کمشنر لاہور عبداللہ خان سنبل ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ محمد اسلم کمبوہ ، ایڈیشنل سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی عاشق حسین اولکھ ، ایس پی سیکورٹی لاہور عبادت نثار ،ڈپٹی سیکرٹری (جوڈیشل) ہوم ڈیپارٹمنٹ بلال الیاس ، اے ڈی سی لاہور محترمہ سندس ارشد ، ڈائریکٹر لاء صلاح الدین ، مانیٹرنگ آفیسر (ریگولیشنز )سید علی عباس اور اے سی سی پی ٹو کمشنر لاہور اسلم شاہد نے شرکت کی -اجلاس میں ایک سب کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیاگیاجو صوبہ بھر میں ’’میرج فنکشن آرڈی نینس ‘‘کی خلاف ورزی پر موثر اور فوری ایکشن کے لئے ہر ضلع میں متعلقہ ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں قائم کی گئی خصوصی کمیٹیوںکے ارکان ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈ کوارٹر) ، میونسپل آفیسر (ریگولیشنز) اور ایس پی (سیکورٹی)کے علاوہ ایسے دیگر متعلقہ سرکاری اہلکاروںکے ڈیٹا انالسس کے بعد ضروری کارروائی تجویز کرے گی جومیرج فنکشن ایکٹ کی خلاف ورزی کی شکایات پر کوئی تادیبی کارروائی عمل میں لانے میں ناکام ر ہے ہوں- کمشنر لاہور ڈویژن عبداللہ خان سنبل، سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب شاہد نصر راجہ اور ایس پی سیکورٹی عبادت نثاراس سب کمیٹی کے رکن ہوں گی- یہ سب کمیٹی وزیر اعلیٰ پنجاب کی تشکیل کردہ خصوصی کمیٹی کو رپورٹ کرے گی - علاوہ ازیں ، تحصیل اور بڑے شہروں کے ریجن کی سطح پر بھی اسی نوعیت کی سب کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جو تھانے کی سطح پر شادی کی تقریبات میں قوانین کی پابندی کو یقینی بنانے کے عمل پر نظر رکھیں گی - اجلاس میں اس بات پر زور دیاگیاکہ عام شہریوں کی شادی ،بیاہ کے موقع پر مقامی پولیس کی دخل اندازی کے دوران شادی والے گھرانے کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے اور میرج ہالز ایسوسی ایشنز کی مشاورت سے پولیس ایکشن کا طریقہ کار اس طرح مرتب کیاجائے کہ اس میں عام علاقوں اور پوش علاقوں میں ہونے والی شادی کی تقریبات میں کوئی تفریق نہ رہے جبکہ قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ شادی ہال ، مارکیز یا ریسٹورنٹ کے مالکان اور مینجرز کے خلاف دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

متعلقہ عنوان :