جمہوریت اور جمہوری تسلسل و استحکام میں صحافت اور پاکستان پیپلز پارٹی نے کلیدی کردار ادا کیا، اس ضمن میں ہماری کوششو ں سے سب واقف ہیں، صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ

جمعرات 25 مئی 2017 18:30

جمہوریت اور جمہوری تسلسل و استحکام میں صحافت اور پاکستان پیپلز پارٹی ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2017ء) صوبائی وزیر اطلاعات،محنت اور افرادی قوت سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پا کستان میں جمہوریت اور جمہوری تسلسل و استحکام میں صحافت اور پاکستان پیپلز پارٹی نے کلیدی کردار ادا کیا ہے اور ہر دور میں صحافت کی بحالی کے لئے ہماری کوششو ں سے سب واقف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو محکمہ اطلاعات سندھ کا قلمدان ملنے کے بعد محکمہ اطلاعات سندھ کے ڈائریکٹرز کے ساتھ تعارفی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات سندھ حکومت کا ایک انتہائی اہم محکمہ ہے جو حکومت کے ترقیاتی کاموں، پالیسیوں اور مثبت تاثر کے فروغ کے لئے انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے جبکہ محکمہ کے افسران میڈیا کے توسط سے عوام اور حکمرانوں کے درمیان ایک پل کا کام کرتے ہیں اور جس سے عوامی سطح پر تشویش کو کم کرتے ہیں اور حقیقت پر مبنی معلومات سے ان کو آگاہ کرنے کا کام لیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے موقع پر موجود تمام ڈائریکٹرز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے دفتری امور پر خصوصی توجہ دیں اورصحافیوں کے ساتھ بہتر تعلقات استوار کریں۔ صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے محکمہ اطلاعات کے مسائل معلوم کئے اور کہا کہ آپ لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کرنے کی کو شش کروں گا۔ اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات عمران عطاء سومرو اور ڈائریکٹر جنرل محکمہ اطلاعات سمیع صدیقی کی جانب سے وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کو محکمہ کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر محکمہ کے ڈائریکٹرز موجود تھے۔