لاہور ہائیکورٹ نے سکائپ کے ذریعے راولپنڈی میں ای کورٹس کا افتتاح کر دیا

عدالتی نظام اور جدید اصلاحات لازم و ملزوم ہیں، سائلین اور قیدیوں کی سہولیات کیلئے اقدامات قابل تحسین ہیں،چیف جسٹس لاہور ھائیکورٹ

جمعرات 25 مئی 2017 18:12

لاہور ہائیکورٹ نے سکائپ کے ذریعے راولپنڈی میں ای کورٹس کا افتتاح کر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2017ء) لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصورعلی شاہ نے سکائپ کے ذریعے راولپنڈی میں ای کورٹس کا افتتاح کر دیا،چیف جسٹس نے کہا ہے کہ عدالتی نظام اور جدید اصلاحات لازم و ملزوم ہیں، سائلین اور قیدیوں کی سہولیات کے لئے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں بیٹھ کر سکائپ کے ذریعے راولپنڈی میں قائم ہونے والی الیکٹرانک عدالت کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر چیف جسٹس سید منصورعلی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوجداری نظام عدل اورعدالتی نظام میں اصلاحات کے لئے نئے آئیڈیازکی حوصلہ افزائی سے ہی نظام میں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ سیشن ججز کی جانب سے ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی روایت نے عدالتی نظام کو مضبوط کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب تک انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ نہیں کیا جاتا ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ای کورٹس کا دائرہ اختیار بتدریج پورے صوبے میں پھیلا دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے عام سائلین،قیدیوں اور حکومت کو بھی فائدہ ہو گا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سہیل ناصرنے سکائپ کے ذریعے چیف جسٹس کو ای کورٹس کے شروع کئے جانے والے اپنی نوعیت کے پہلے منصوبے سے متعلق بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ ای کورٹس میں بیٹھے ججز قیدیوں کی سکائپ کے ذریعے حاضری لگائیں گے جبکہ ان کے بیانات بھی آن لائن قلمبند کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ ای کورٹس کے قیام سے قیدیوں کو لانے لے جانے کے لئے لاکھوں روپے کا خرچ بچے گا جبکہ سکیورٹی خدشات میں بھی کمی آئے گی۔ (ایم خالد)