صنعت کار و تاجروں کی خوشحالی کے بغیر معاشی اہداف ممکن نہیں ، گورنر سندھ

حکومت صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی ترقی کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کا ر لارہی ہے،محمد زبیر معاشی استحکام میں صنعت کاروں کا کلیدی کردار ہے ۔ایف پی سی سی آئی منیجنگ کمیٹی اراکین سے گفتگو

جمعرات 25 مئی 2017 17:55

صنعت کار و تاجروں کی خوشحالی کے بغیر معاشی اہداف ممکن نہیں ، گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ صنعت کار اور تاجر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت سے کام کرتے ہیں ،خوشحال صنعت کار و تاجر کے بغیر معاشی اہداف کا حصول ممکن نہیں ، حکومت صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی ترقی کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کا ر لارہی ہے اس ضمن میں وفاقی حکومت بھی بھرپور تعاون فراہم کررہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بے پناہ استعداد کا حامل کراچی ملک کا معاشی حب ہے جہاں دنیا کی تمام ملٹی نیشنل کمپنیوں کے دفاتر منافع بخش کاروبار سے منسلک ہیں ، امن و امان کے قیام سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ سے شہر میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معشیت کے استحکام اور مضبوط بنانے میں کراچی کے صنعت کاروں اور تاجروں نے اہم کردار ادا کررہے ہیں ، مشکل حالات میں بھی کراچی کے صنعت کار اور تاجروں نے معاشی و کاروبار سرگرمیاں جاری رکھیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان کے دورے کے دوران منیجنگ کمیٹی اراکین سے گفتگو میں کیا ۔اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر طفیل ، نائب صدر مرزا اختیار بیگ ،معروف صنعت کارایس ایم منیر ، سینیٹر عبد الحسیب خان اور عبد السمیع خان سمیت دیگر بھی شریک تھے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ قومی سطح پر درپیش سنگین چیلنجز کے با وجود موجودہ دور میں معاشی ترقی میں مسلسل اضافہ ہو رہاہے ، امن و امان کے قیام کے بعد حکومت کی پوری توجہ ترقیاتی کام اور معاشی استحکام پر مرکوز ہے ،حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو نہ صرف سرمایہ کاری کے لئے راغب بلکہ انھیں ہر ممکن تعاون و مدد بھی فراہم کی جا رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے امن و امان کے قیام اور توانائی بحران کے خاتمہ کے لئے جو اقدامات اٹھائے اس کے نتائج آج پوری قوم کے سامنے ہے ، آج دنیا بھی اعتراف کررہی ہے کہ پاکستان تیزی سے بدل رہا ہے ، پر امن ملک معاشی خوشحالی کے اہداف کے حصول کے لئے گامزن ہے جس میں زبردست کامیابی حاصل ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کے اعتماد کا واضح مظہر سی پیک منصوبہ خطہ گیم چینجر ثابت ہو گا اس منصوبہ کی تکمیل سے پاکستان تجارتی دنیا سے جڑ جائے گا ، کم وقت میں تجارتی منڈیوں تک رسائی ممکن ہوگی ، راہداری سے پاک چین ہی نہیں بلکہ دیگر ممالک جو اس منصوبہ کی افادیت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں شامل ہونگے ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صرف چین سے ہی نہیں بلکہ دیگر ممالک سے بھی رابطہ میں ہے تاکہ سرمایہ کاری میں مزید اضافہ کیا جا سکے ، کئی ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں ، بہت جلد پاکستان دنیا کے عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہو جا ئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں بجلی کی طلب 5000 میگا واٹ سے کم ہے مارچ 2018 ء تک توانائی منصوبوں کی تکمیل سے نیشنل گرڈ اسٹیشن میں 10500 میگا واٹ بجلی داخل ہو جائے گی جس سے نہ صرف ہم اپنی ضروریات کو پورا کرسکیں گے بلکہ اضافی بجلی بھی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے ، سی پیک منصوبہ میں بھی 32 ارب ڈالرز کے توانائی منصوبوں شامل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت وفاق ہی نہیں بلکہ چاروں صوبوں میں یکساں ترقی کے مواقع فراہم کررہی ہے با الخصوص کم ترقی یافتہ علاقوں میں ترقیاتی کاموں میں اضا فہ کیا گیا تاکہ وہ علاقے بھی دیگر ملک کی ترقی کی سطح پر آسکیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت صنعت کاروں اور تاجروں کی خوشحالی کے ایجنڈے پر کام کررہی ہے ،وزیر اعظم پاکستان کی معاشی پالیسی کے مثبت نتائج میں صنعت کاروں اور تاجروں کو بھرپور فائدہ ہو رہا ہے ، آج ہماری اسٹاک ایکس چینج دنیا کی تیسری بڑی ایکس چینج بن چکی ہے ،معاشی اشاریئے مثبت ہو رہے ہیں ، سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ نئی انڈسٹریاں بھی قائم ہو رہی ہیں ، پاکستان میں کام کرنے والی دنیا کی ملٹی نیشنل کمپنیوں میں سے زیادہ تر مزید سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی رکھتی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :