معاشی اشاریئے مثبت ہیںپاکستان تیزی سے بدل رہا ہے ، گورنر سندھ

بہت جلد پاکستان پوری دنیا میں نمایاں مقام حاصل کرنے میں کا میاب ہو جائے گا،محمد زبیر غیر ملکی سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ ہو رہاہے ، تیسرے سفارتی ایوارڈ 2017 ء تقریب سے خطاب

جمعرات 25 مئی 2017 17:55

معاشی اشاریئے مثبت ہیںپاکستان تیزی سے بدل رہا ہے ، گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2017ء) گورنر سندھ محمد زبیرنے کہا ہے کہ پاکستان تیزی سے بدل رہا ہے تمام معاشی اشاریئے مثبت ہیں، غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے بہت جلد پاکستان پوری دنیا میں منفردو ممتاز مقام حاصل کرنے میں ضرور کا میاب ہو جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے جہاں پر اعلیٰ تعلیم یافتہ ، تجربہ کار اور کم لاگت افرادی قوت سرمایہ کاروں کے پر کشش ہے یہی وجہ ہے کہ امن و امان کے قیام کے بعد شہر میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوںنے کہا کہ کراچی اپنی استعداد کے لحاظ سے سرمایہ کاروں کے لئے منافع بخش اہمیت رکھتا ہے ، دنیا کی تمام ملٹی نیشنل کمپنیاں اس شہر میں کام کررہی ہے ، سرمایہ کاروں کو شہر کی استعداد سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لئے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنی چاہئے اس ضمن میں وفاقی و صوبائی حکومت اور گورنر ہائوس ہر ممکن تعاون و مدد فراہم کرے گا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں پاکستان کی تعمیر اور مثبت تاثر کے عنوان سے منعقدہ تیسرے سفارتی و سرمایہ کاری ایوارڈ سے خطاب میں کیا ۔ تقریب میں پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارتی و سماجی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے افراد کو ایوارڈ ز دیئے گئے ۔تقریب سے خطاب میں گورنر سندھ نے مزید کہا کہ 2013 ء سے قبل ملک کے حالت بہت خراب تھے غیر ملکی سرمایہ کارپاکستان آنے سے ڈرتے تھے ، وفاقی حکومت نے ملک کی حالت بہتر بنانے کے لئے امن و امان کے قیام اور توانائی کے حصول کو مرکزیت دیتے ہوئے بھرپور اقدامات اٹھائے ، آج پورے ملک با الخصوص کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہو چکی ہے جس سے ملک میں معاشی ، سماجی ، اقتصادی ، ادبی اور سیاسی سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ،موجودہ حکومت کے اقدامات کے باعث ترقیاتی عمل میں تیزی آرہی ہے حکومت وفاق ہی نہیں بلکہ تمام صوبوں میں یکساں ترقی کے کو شاں ہے ، ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں مصروف ملٹی نیشنل کمپنیوں میں سے 50 فیصدسے زائد کمپنیاں مزید سرمایہ کاری اور بزنس کو بڑھانے پر دلچسپی لے رہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے وفاقی حکومت نے اس ضمن میں میگا پروجیکٹس شروع کئے جن کی تکمیل سے ملک سے نہ صرف بجلی کے بحران کا خاتمہ ہو جائے گا بلکہ اضافی بجلی بھی حاصل ہو سکے گی ، اس وقت طلب کے لحاظ سے 5000 میگا واٹ تک کی کمی ہے جبکہ مارچ 2018 ء میں نیشنل گرڈ اسٹیشن میں 10500 میگا واٹ بجلی داخل ہو جائے گی ۔ تقریب سے خطاب میں معروف صنعت کار ایس ایم منیر نے کہا کہ کراچی میں امن و امان قائم ہو چکا ہے ، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو کراچی میں سرمایہ کاری میں بھرپور حصہ لینا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بہت جلد معاشی نقشہ پر نمایاں مقام حاصل کرنے میں ضرور کامیاب ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں امن و امان کے قیام میں رینجرز ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے قابل تحسین اقدام کئے ، کراچی ملک کے کل ریوینیو کا 72 فیصد فراہم کرتا ہے ، دنیا بھر کی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے دفاتر شہر میں منافع بخش کا روبار کررہے ہیں ۔

تقریب سے خطاب میں ڈپلومیٹک فورم کے صدر محمد آصف ہارون نے کہا کہ کئی دہائیوں سے اقتصادی و سماجی سرگرمیوں میں مصروف عمل عالمی و مقامی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے ایوارڈ تقریب منعقد کی جاتی ہے ۔ ڈپلومیٹک فورم کے سرپرست اعلیٰ محمدا رشد علی صدیقی نے کہا کہ منفی سرگرمیوں سے سرمایہ کاری بھی متاثر ہورہی ہے ۔ تقریب میں گورنر سندھ نے مختلف شعبہ جات با الخصوص ملک میں سرمایہ کاری میں نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد میں پلاٹینیم ، ڈائمنڈ گولڈ ایوارڈ ، سرمایہ کاری ایوارڈ ، سماجی ایوارڈ اور منیجمنٹ ایوارڈ تقسیم کئے ۔

متعلقہ عنوان :