’اے آر وائی نیوز‘پروگرامزمیں پاک فوج کیخلاف نفرت انگیز تبصرے،نوٹسزجاری

پیمرانے ٹی وی چینل کو اظہار وجوہ کے نوٹسزپرسات یوم میں جواب داخل کروانے کاحکم جاری کردیاہے۔ترجمان پیمرا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 25 مئی 2017 17:09

’اے آر وائی نیوز‘پروگرامزمیں پاک فوج کیخلاف نفرت انگیز تبصرے،نوٹسزجاری
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔آئی پی اے۔25مئی2017ء) : پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ٹی وی چینل ’اے آر وائی نیوز‘ کے پروگراموں میں افواجِ پاکستان کے خلاف بہتان تراشی اور نفرت انگیزمواد نشر کرنے پر چینل کو اظہارِ وجوہ کے نوٹسز جاری کرتے ہوئے یکم جون 2017ء کو جواب طلب کر لیا ہے۔ پہلا اظہار وجوہ نوٹس ٹی وی چینل پر مورخہ 10مئی 2017ء کو ڈان لیکس کے حوالے سے خصوصی ٹرانسمیشن پر جاری کیا گیا ہے مذکورہ پروگرام میں ایک شخص ارشد شریف نے افواج پاکستان کے خلاف سنگین ،نامناسب اور ناروا الفاظ استعمال کئے اور فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے ایک ٹویٹ کو واپس لئے جانے کے عمل پرانتہائی غیر ذمہ دارانہ تبصرہ کرتے ہوئے اُسے سانحہ 1971سے تشبیہ دی ۔

مذکورہ شخص کی یہ انتہائی شر انگیز تشبیہ پاکستان کے بہادر اور غیور جوانوں اور افسروں کے خلاف جو حالیہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں قربانیوں کی عظیم داستان رقم کر رہے ہیں نفرت پھیلانے کی کوشش کے زمرے میں آتی ہے۔

(جاری ہے)

اس طرح کے تبصرے سے افواجِ پاکستان کا مورال گرانے کی مذموم کوشش کی گئی ہے ۔دوسرا اظہار وجوہ اِسی ٹی وی چینل کے ایک اور پروگرام ’دی رپورٹرز‘ بتاریخ 16مئی 2017ء میں عارف حمید بھٹی نامی شخص کی طرف سے تبصرے پر جاری کیا گیا ہے۔

موصوف نے پاک فوج میں ایک من گھڑت اور خودساختہ سروے کا ذکر بھی کیا ۔ پیمرا کے لائسنس ہولڈر کی حیثیت سے ’اے آر وائی نیوز‘ پر لازم ہے کہ وہ ملکی آئین ، قانون اور ریگولیٹر کی طرف سے دئیے گئے ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کرے اور کوئی ایسا اقدام نہ اُٹھائے جو ملکی اداروں کی تضحیک یا آئین ِ پاکستان اور پیمرا قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہو۔ پیمرا نے اظہاروجوہ کے نوٹس کے ذریعے ’اے آر وائی نیوز‘ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو دی گئی تاریخ کو ذاتی شنوائی کے لئے طلب کیا ہے اور دونوں پروگرامز پر الگ الگ وضاحت مانگی ہے ۔ جواب جمع نہ کروانے اور ذاتی شنوائی سے غیر حاضری کی صورت میں چینل کے خلاف یکطرفہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :