ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں خدمات تک رسائی کے قانون مجریہ 2014ء کے حوالہ سے سیمینار

جمعرات 25 مئی 2017 17:19

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2017ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں خدمات تک رسائی کے قانون مجریہ 2014ء کے حوالہ سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ صوبائی حکومت کے گورننس سپیشلسٹ اشرف خان نے اس قانون کے متعلق شرکاء کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے آر ٹی ایس اور آر ٹی آئی قوانین کے متعلق آگاہی اور معلومات فراہم کرنے کیلئے یونیورسٹیاں بہترین فورم ہیں۔

اس سلسلہ میں صوبہ کے 7 پائلٹ اضلاع کو شامل کیا گیا ہے جس میں مانسہرہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ان قوانین کی افادیت اور ان کے متعلق معلومات فراہم کرنے کیلئے یونیورسٹیوں میں گورننس والنٹیر گروپ تشکیل دیئے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو بہترین اور مثبت انداز میں ان قوانین کے متعلق معلومات اور درست رہنمائی فراہم کی جا سکے۔

(جاری ہے)

سیمینار سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خدمات اور معلومات تک رسائی کے قوانین کے متعلق عوام میں آگاہی سے بہت سے مسائل کا حل نکل آتا ہے، یونیورسٹی کے طالب علم اس سلسلہ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے آر ٹی آئی کے نمائندوں کو یونیورسٹی آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے سیمینار سے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ سیمینار میں کثیر تعداد میں یونیورسٹی کے طلباء و طالبات نے شرکت کی اور گورننس والنٹیر گروپ کیلئے رجسٹریشن کروائی۔ سیمینار کے مقررین نے آر ٹی آئی اور آر ٹی ایس کے قوانین کی افادیت اور عوام کی آگاہی کے متعلق تفصیلات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔