ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے بی ای/ بی ایس سی کے سالانہ امتحانات شروع ہو گئے

جمعرات 25 مئی 2017 17:19

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2017ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے بی ای/ بی ایس سی کے سالانہ امتحانات شروع ہو گئے۔ یہ امتحانات ہزارہ ڈویژن کے مختلف اضلاع میں قائم امتحانی مراکز میں ہو رہے ہیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے ضلع مانسہرہ کے مختلف امتحانی مراکز کا اچانک معائنہ کیا اور شعبہ امتحانات کی طرف سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے امتحان دینے والے امیدواروں اور نگرانی کرنے والے عملہ سے بات چیت کرتے ہوئے امتحانی نظام میں بہتری اور اس کو فعال بنانے کیلئے بھرپور مثبت اور تعمیری اقدامات اٹھا رہے ہیں جس کا مقصد بوٹی مافیا کا خاتمہ اور امتحانی عمل کو شفاف بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ اور انصاف جیسے اصولوں پر عمل درآمد کر کے تعلیمی نظام میں بہتری اور مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے، امتحانی عملہ کو اپنے فرائض دیانتداری کے ساتھ سرانجام دینے ہیں تاکہ ان امتحانات میں محنت کرنے والے اور پڑھنے والے امیدواروں کو ان کا حق مل سکے۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر اظہر شاہ اور پبلک ریلیشنز آفیسر محمد سجاد بھی موجود تھے۔