چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصورعلی شاہ نے سکائپ کے ذریعے راولپنڈی میں ای کورٹس کا افتتاح کر دیا

انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کئے بغیرہم آگے نہیں بڑھ سکتے، ای کورٹس کا دائرہ اختیار صوبہ بھرمیں پھیلا دیا جائے گا، سید منصورعلی شاہ

جمعرات 25 مئی 2017 17:19

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصورعلی شاہ نے سکائپ کے ذریعے راولپنڈی ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2017ء) لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصورعلی شاہ نے سکائپ کے ذریعے راولپنڈی میں ای کورٹس کا افتتاح کر دیا،لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے جمعرات کو پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں بیٹھ کر سکائپ کے ذریعے راولپنڈی میں قائم ہونے والی الیکٹرانک عدالت کا افتتاح کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوجداری نظام عدل اورعدالتی نظام میں اصلاحات کیلئے نئے آئیڈیازکی حوصلہ افزائی سے ہی نظام میں بہتری آئے گی، انہوںنے کہا کہ عدالتی نظام اور جدید اصلاحات لازم و ملزوم ہیں،سائلین اور قیدیوں کی سہولیات کیلئے اقدامات قابل تحسین ہیں،انہوں نے کہا کہ سیشن ججز کی جانب سے ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی روایت نے عدالتی نظام کو مضبوط کیا ہے،انہوں نے کہا کہ جب تک انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ نہیں کیا جاتا ہم آگے نہیں بڑھ سکتے،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ ای کورٹس کا دائرہ اختیار بتدریج پورے صوبے میں پھیلا دیا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے عام سائلین،قیدیوں اور حکومت کو بھی فائدہ ہو گا،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سہیل ناصرنے سکائپ کے ذریعے چیف جسٹس کو ای کورٹس کے شروع کئے جانے والے اپنی نوعیت کے پہلے منصوبے سے متعلق بریفنگ دی،انہوں نے بتایا کہ ای کورٹس میں بیٹھے ججز قیدیوں کی سکائپ کے ذریعے حاضری لگائیں گے جبکہ ان کے بیانات بھی آن لائن قلمبند کئے جائیں گے،انہوں نے بتایا کہ ای کورٹس کے قیام سے قیدیوں کو لانے لے جانے کیلئے لاکھوں روپے کا خرچ بچے گا جبکہ سکیورٹی خدشات میں بھی کمی آئے گی۔