ُُُُُُُُُُُُُُپنجاب بھر کے تمام کالجز اور یونیورسٹیز میں موسم گرما کی تعطیلات 4جون سے شروع ہوں گی

جمعرات 25 مئی 2017 16:39

ُُُُُُُُُُُُُُپنجاب بھر کے تمام کالجز اور یونیورسٹیز میں موسم گرما ..
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2017ء) ُُُُُُُُُُُُُُُپنجاب بھر کے تمام کالجز اور یونیورسٹیز میں موسم گرما کی تعطیلات 4جون بروز اتوار سے شروع ہوں گی جبکہ 27مئی بروز ہفتہ یا 28مئی بروز اتوار کو رمضان المبارک کے آغاز اور انتہائی شدید گرم موسم کے باعث طلباء و طالبات، ان کے والدین اور پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن نے تعطیلات فوری شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاہم پنجاب بھر کے سکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات جمعرات کے روز سے شروع ہو گئی ہیں۔

ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور ڈائریکٹوریٹ آف کالجز کے ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلہ میں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے قبل ازیں 7مارچ 2017ء کو نوٹیفکیشن نمبر No.SO(A-II)1-1/2001 جاری کیا گیا تھا جس کے مطابق پنجاب بھر کے تمام کالجز اور یونیورسٹیز سمیت ہائر ایجوکیشن کے دیگر سرکاری ، نیم سرکاری ، نجی ، پرائیویٹ تعلیمی ادارو ں میں موسم گرما کی تعطیلات 4جون سے 14اگست تک رکھی گئی تھیں لیکن اب جبکہ 27یا 28مئی کو رمضان المبارک کا آغاز ہو ر ہا ہے مگر موسم گرماکی تعطیلات کے نوٹیفکیشن پر کوئی نظر ثانی نہ کی گئی ہے اور نہ ہی اس میں کسی رد و بدل کا سرکلر جاری کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ جب تک حکومت پنجاب کی جانب سے کوئی ترمیمی یا نظر ثانی شدہ احکامات موصول نہیں ہوتے اس وقت تک کالجز اور یونیورسٹیز میں موسم گرما کی تعطیلات 4جون سے 14اگست تک ہی کی جائیں گی۔دوسری جانب 27یا 28مئی سے رمضان المبارک کے آغاز اور موسم گرما میں انتہائی شدت آنے کے باعث طلباء و طالبات ، ان کے والدین اور پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن نے وزیر اعلیٰ پنجاب ، چیف سیکرٹری پنجاب ، صوبائی وزیر تعلیم ہائر ایجوکیشن اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے اپیل کی ہے کہ چونکہ موسم گرما کی شدت اور روزے کی حالت میں کالجز اور یونیورسٹیز میں تعلیمی و تدریسی سرگرمیاں جاری رکھنا ممکن نہیں اس لئے فوری طور پر سکولوں کی طرح کالجز اور یونیورسٹیز میں بھی موسم گرما کی تعطیلات شروع کرنے کا اعلان کیا جائے۔

مزید برآں ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نے بتایاکہ انٹر میڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے ضمن میں پریکٹیکلز کیلئے جو ڈیٹ شیٹ جاری کی جا چکی ہے اس پر رمضان المبارک میں بھی عملدر آمد کیا جائے گا اور رمضان کے آغاز کے باوجود تمام پریکٹیکلز اور دیگر امتحانات شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :