الله تعالیٰ ہمیں ایک خاص ڈسپلن کا پابند بنا کر ہماری تربیت کرنا چاہتا ہے، اس تربیت کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ہم خود کو الله کی رضا کے حصول کے لئے تیار کریں

خاتون اول بیگم محمودہ ممنون حسین کا ایوان صدر میں اسلام آباد کے اسکول کی بچیوں سے خطاب

جمعرات 25 مئی 2017 15:43

الله تعالیٰ ہمیں ایک خاص ڈسپلن کا پابند بنا کر ہماری تربیت کرنا چاہتا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2017ء) خاتون اول بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہا ہے کہ الله تعالیٰ ہمیں ایک خاص ڈسپلن کا پابند بنا کر ہماری تربیت کرنا چاہتا ہے، اس تربیت کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ہم خود کو الله کی رضا کے حصول کے لئے تیار کریں۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو ایوان صدر میں اسلام آباد کے اسکول کی بچیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہا کہ الله تعالیٰ کا لاکھ شکر ہے کہ ہماری زندگی میں ایک بار پھر رمضان المبارک کی با برکت ساعتیں آ رہی ہیں۔ الله تعالیٰ ہمیں اس ماہِ مقدس کے دوران زیادہ سے زیادہ عبادت کر کے اپنا قرب حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے تاکہ ہم اس کی رضا کے حق دار بن سکیں۔ انہوں نے بچیوں کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اس کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم سب رمضان المبارک کی فیوض و برکات حاصل کرنے کے لئے خود کو تیار کریں اور اس بات کا عزم کریں کہ ماہ رمضان الله تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احکامات کے مطابق گزاریں گے۔

(جاری ہے)

بیگم محمودہ ممنون حسین نے اپنے خطاب میں آیات قرآنی اور احادیث کے حوالے دے کر کہا کہ ہم ایسا طرزِعمل اختیار کریں جس سے خلق ِ خدا کو آسانیاں میسر آئیں اور انہیں ہماری ذات سے کوئی دکھ نہ پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب رمضان المبارک کے روزے رکھتے ہیں، ان مبارک ایام میں نماز، نفلی عبادات اور قرآن حکیم کی تلاوت کا خصوصی اہتمام کرتے ہیں۔ خاتون اول نے کہا کہ اس لئے ضروری ہے کہ ہم جھوٹ، غیبت اور بغض سے بچیں اور تعلق بالله کو مضبوط کرتے ہوئے بنی نوع انسان کے لئے خیرو برکت کا ذریعہ بنیں۔ رمضان المبارک کی عبادات کا اصل مقصد یہی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے طالبات سے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔

متعلقہ عنوان :