وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے رواں مالی سال کی معاشی کارکردگی کے حوالے سے اقتصادی سروے 2016-17ء جاری کر دیا

مجموعی قومی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کا عالمی سطح پر بھی اعتراف کیا جا رہا ہے، ملکی معیشت کا حجم 300 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا، رواں مالی سال کی شرح نمو گزشتہ 10 سال کی بلند ترین سطح پر 5.28 فیصد رہی،آئندہ سال کے لئے شرح نمو کا ہدف 6 فیصد سے زائد رکھا گیا ہے وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈارکی اقتصادی جائزہ رپورٹ کے حوالے سے پریس کانفرنس

جمعرات 25 مئی 2017 15:43

وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے رواں مالی سال کی معاشی کارکردگی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2017ء) رواں مالی سال کی معاشی کارکردگی کے حوالے سے اقتصادی سروے 2016-17ء جاری کر دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے جمعرات کو پریس کانفرنس کے دوران اقتصادی کارکردگی جائزہ رپورٹ برائے مالی سال 2016-17ء جاری کی۔ اقتصادی سروے کے نمایاں خدوخال اور حکومت کی معاشی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ملک کی مجموعی قومی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کا عالمی سطح پر بھی اعتراف کیا جا رہا ہے۔

ملکی معیشت کا حجم 300 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کی شرح نمو گزشتہ 10 سال کی بلند ترین سطح پر 5.28 فیصد رہی ہے۔ اگلے سال کے لئے شرح نمو کا ہدف 6 فیصد سے زائد رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

2013ء میں معاشی شرح نمو تین فیصد تھی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی کی شرح 5 فیصد سے اوپر رہی، صنعتی ترقی کی شرح مارچ 2017ء سے 10 فیصد زائد رہی۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبہ میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

رواں سال کپاس اور گنے کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوا ہے، زراعت کے شعبے میں مراعات دینے کی وجہ سے ترقی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے لئے کھاد، بجلی اور دیگر اشیاء پر سبسڈی دی گئی ہے۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ خدمات کے شعبہ میں ترقی کی شرح 5.98 فیصد رہی۔ ملکی معیشت میں خدمات کے شعبے کا حصہ 60 فیصد ہو گیا ہے۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ بینکاری کے شعبہ میں 16.2 فیصد اضافہ ہوا ہے، تجارت کے شعبہ میں رواں سال 6.82 فیصد اضافہ ہوا۔

متعلقہ عنوان :