اللہ تعالی ہمیں خاص ڈسپلن کا پابند بنا کر ہماری تربیت کرنا چاہتا ہے

خاتون اول بیگم محمودہ ممنون حسین کا اسلام آباد اسکول کی طالبات سے خطاب

جمعرات 25 مئی 2017 15:36

اللہ تعالی ہمیں خاص ڈسپلن کا پابند بنا کر ہماری تربیت کرنا چاہتا ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 مئی2017ء) خاتون اول بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہا کہ اللہ تعالی ہمیں ایک خاص ڈسپلن کا پابند بنا کر ہماری تربیت کرنا چاہتا ہے۔ اس تربیت کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ہم خود کو اللہ کی رضا کے حصول کے لیے تیار کریں۔ وہ ایوان صدر میں اسلام آباد کے ا سکول کی بچیوںسے خطاب کررہے تھے ۔بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہا کہ اللہ تعالی کا لاکھ شکر ہے کہ ہماری زندگی میں ایک بار پھر رمضان المبارک کی با برکت ساعتیں آ رہی ہیں۔

اللہ تعالی ہمیں اس ماہِ مقدس کے دوران زیادہ سے زیادہ عبادت کر کے اپنا قرب حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے تاکہ ہم اس کی رضا کے حق دار بن سکیں۔ انھوں نے بچیوں کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اس کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم سب رمضان المبارک کی فیوض و برکات حاصل کرنے کے لیے خود کو تیار کریں اور اس بات کا عزم کریں کہ ماہ رمضان اللہ تعالی اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احکامات کے مطابق گزاریں گے۔

(جاری ہے)

بیگم محمودہ ممنون حسین نے اپنے خطاب میں آیات قرآنی اور احادیث کے حوالے دے کر کہا کہ ہم ایسا طرزِعمل اختیار کریں جس سے خلق ِ خدا کو آسانیاں میسر آئیں اور انہیں ہماری ذات سے کوئی دکھ نہ پہنچے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب رمضان المبار ک کے روزے رکھتے ہیں ، ان مبارک ایام میں نماز ، نفلی عبادات اور قرآن حکیم کی تلاوت کا خصوصی اہتمام کرتے ہیں۔ خاتون اول نے کہا کہ اس لیے ضروری ہے کہ ہم جھوٹ، غیبت اور بغض سے بچیںاور تعلق باللہ کو مضبوط کرتے ہوئے بنی نوع انسان کے لیے خیرو برکت کا ذریعہ بنیں۔رمضان المبارک کی عبادات کا اصل مقصد یہی ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے طالبات سے سوالات کے جوابات بھی دیئے ۔

متعلقہ عنوان :