قوموں میں وہ بیانیے کامیاب ہوتے ہیں جو عوام کی مشاورت سے ہوں‘مریم اورنگزیب

پاکستان میں جمہوری حکومتوں نے بہت قربانیاں دی ہیں۔جمہوری حکومتوں کی طرف سے دی گئی قربانیاں بھی بیانیے کا حصہ ہونا چاہیئں‘وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات

جمعرات 25 مئی 2017 15:31

قوموں میں وہ بیانیے کامیاب ہوتے ہیں جو عوام کی مشاورت سے ہوں‘مریم اورنگزیب
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2017ء)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ قوموں میں وہ بیانیے کامیاب ہوتے ہیں جو عوام کی مشاورت سے ہوں۔ثقافت پر مبنی بیانیے کے فروغ پر کام ہو رہا ہے۔اسلام آبادمیں معاشرے میں برداشت اور پرانی روایات کو بحال کرنے کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری حکومتوں نے بہت قربانیاں دی ہیں۔

جمہوری حکومتوں کی طرف سے دی گئی قربانیاں بھی بیانیے کا حصہ ہونا چاہیئں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ملٹری آپریشنز سے کامیابیاں ملی ہیں۔ردالفساد اور کراچی آپریشن سے بہت سے فوائد حاصل ہوئے ہیں۔ دہشتگردی صرف جنگ سے نہیں بلکہ ایک مخصوص سوچ کے خاتمے سے ممکن ہے۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں ملک میں مثبت سرگرمیوں میں اضافہ ہواہے اورملک میں فلمی صنعت کی بحالی، سیاحت اور کھیلوں کو فروغ حاصل ہو رہا ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے قومی مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برداشت کی پالیسی سیاسی نظام کے ہونے سے ہوتی ہے۔ہمیں کسی طریقے سے بھی سیاسی نظام کو اصل روح کے مطابق قائم رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں برداشت کا مادہ ختم ہوتا جا رہا ہے۔ہمیں عدم برداشت کی وجوہات کو تلاش کرنا ہو گا۔خورشید شاہ نے کہا کہ میڈیاریاست کا چوتھا ستون ہے برداشت کے حوالے سے اسے کردار ادا کرنا چاہئے۔