پنجاب کابینہ نے توانائی بحران کے خاتمے کیلئے وزیراعظم ،وزیراعلی شہباز شریف کی کاوشوں پر قرارداد تشکر منظورکرلی

دھرنوں کے باعث توانائی منصوبوں میں بے پناہ تاخیر ہوئی ، دھرنے نہ ہوتے تو ساہیوال سمیت دیگر کئی منصوبے 8ماہ قبل مکمل ہوچکے ہوتے‘ شہباز شریف

جمعرات 25 مئی 2017 14:57

پنجاب کابینہ نے توانائی بحران کے خاتمے کیلئے وزیراعظم ،وزیراعلی شہباز ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2017ء) پنجاب کی صوبائی کابینہ نے توانائی بحران کے خاتمے کے لیے وزیراعظم نواز شریف اوروزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی کاوشوں پر قرارداد تشکر منظورکرلی۔گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی سربراہی میں پنجاب کابینہ کااجلاس ہوا، جس میں توانائی منصوبوں اور دیگر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دھرنوں کے باعث توانائی منصوبوں میں بے پناہ تاخیر ہوئی ہے، دھرنے نہ ہوتے تو ساہیوال سمیت دیگر کئی منصوبے 8ماہ قبل مکمل ہوچکے ہوتے، ساہیوال کول پاور پروجیکٹ سو فیصد چینی سرمایہ کاری ہے۔اجلاس کے دوران وزیر اعظم نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے حق میں قرارداد تشکر پیش کی گئی جس میں توانائی منصوبوں پر وزیر اعظم اور وزیر اعلی کی کاوشوں پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ 22ماہ میں 1320میگاواٹ کے ساہیوال کول پاور پروجیکٹ کی تکمیل ریکارڈ ہے، بجلی منصوبوں سے 2017ء تک 5ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی جبکہ 2018ء تک 9ہزار میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہونا شروع ہوجائے گی۔ بعد ازاں صوبائی کابینہ نے متفقہ طورپر قرارداد تشکر منظور کرلی۔