ٹرمپ ہیلھ کیئربل سے اڑھائی کروڑ امریکی انشورنس سے محروم ہوجائیں گے-رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 25 مئی 2017 13:09

ٹرمپ ہیلھ کیئربل سے اڑھائی کروڑ امریکی انشورنس سے محروم ہوجائیں گے-رپورٹ
واشنگٹن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25مئی۔2017ء) امریکہ کے ایک سماجی ادارے نے انکشاف کیا ہے کہ ہیلتھ کیئر سے متعلق ریپبلکن پارٹی جس نئے منصوبے پر کام کر رہی ہے اس سے اڑھائی کروڑ سے زیادہ افراد ہیلتھ انشورنس کے بغیر ہوجائیں گے۔کانگریس کے بجٹ آفس کے مطابق 2018 میں ہی اس منصوبے کے تحت تقریبا ایک کروڑ 40 لاکھ لوگوں کا بیمہ ختم ہوجائے گا۔

اس سے متعلق تجزیے میں کہا گیا ہے کہ اس منصوبے کے تحت 2017 اور 2026 کے درمیان وفاقی خسارہ تقریبا 119 ارب ڈالر کم ہوجائےگا۔یہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پسندیدہ منصوبہ ہے جس کے لیے وہ کوشاں ہیں۔ریپبلکنز نے اپنے بل کا نام ”امریکن ہیلتھ کیئر ایکٹ“ رکھا ہے اور اس سے متعلق پہلے بل کو کانگریس یعنی ایوان نمائندگان منظور کر چکی ہے۔

(جاری ہے)

ریپبلکنز پارٹی کے ایوان نمائندگان پر اس بات کے لیے نکتہ چینی ہوئی کہ انھوں نے اس بل کا اچھی طرح سے جائزہ لیے بغیر اسے کیسے منظور کر لیا۔

ریپبلکن پارٹی کے سینیٹرز اس بل کا مسودہ اب دوبارہ تیار کرنے کی کوشش میں لگے ہیں جسے ڈیموکریٹس نے ”ٹرمپ کیئر“ کا نام دیا ہے اس مجوزہ بل میں ریپلکنز کی کوشش اس بات کی ہے کہ وہ کسی طرح صدر اوباما کے 2010 کے اواباما کیئر کو ختم کرکے اس کی جگہ اس نئے بل کو متعارف کرواسکیں۔سی بی او نامی ادارے کا کہنا ہے کہ پہلے کے مقابلے میں جو نیا منصوبہ تیار کرنے کی کوشش ہورہی ہے اس کے تحت تقریبا دس لاکھ لوگوں کا بیمہ کم یا ختم ہوگا۔

پہلے والے بل کے تحت تقریبا تین کروڑ لوگ اپنے انشورنس سے محروم ہوسکتے تھے جبکہ اس کے تحت اڑھائی کروڑ لوگ انشورنس سے محروم ہوجائیں گے۔ان معلومات کے سامنے آنے سے ایک بار پھر یہی سوال اٹھ رہا ہے کہ کیا ریپبلکنز اس مذکورہ بل کی منظوری کے لیے ممکنہ ارکان کی حمایت جمع کر پائیں گے اور کیا یہ بل صدر تک ان کی منظوری کے لیے پہنچ پائے گا۔

سینیٹ کے لیڈر مچ میکنیل نے کہا ہمیں نہیں معلوم کہ اس وقت ہم 50 ووٹ کیسے حاصل کرپائیں گے لیکن مقصد تو وہی ہے۔ریپبلکنز پارٹی کے ارکان چاہتے ہیں کہ اوباما کیئر سے متعلق ٹیکس کو ختم کیا جاسکے جس کی مدد سے لوگوں کو علاج کے لیے رعایت ملتی ہے اور علاج کافی سستا ہوجاتا ہے۔اس کے تحت حکومت غریبوں اور معذوروں کی صحت کے لیے جو امداد مہیا کرتی ہے اس میں بھی زبردست کٹوتی کی جائے گی۔

دو کروڑ سے زیادہ امریکی شہری جنھوں نے اوبام کیئر کے تحت انشونس حاصل کیا تھا انھوں نے اسی حکومتی امداد اور رعایت کے تحت اپنا بیمہ کروایا تھا۔نئے مجوزہ بل کے تحت آئندہ پانچ برس میں کینسر سمیت بیمار افراد کے انشورنس کے لیے حکومت کی طرف سے 80 ارب ڈالر مہیا کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ رقم بہت کم ہے اور اس سے تخمینے کو پورا نہیں کیا جا سکتا۔

متعلقہ عنوان :