سپریم کورٹ نے کراچی میں ہیوی ٹریفک پرپابندی کا فیصلہ معطل کردیا

نقل و حرکت پر پابندی بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، سندھ ہائی کورٹ کا حکم عدالت عظمی کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے، عدالتی حکم سے پورا کاروباری نظام جام ہو گیا،سپریم کورٹ

جمعرات 25 مئی 2017 12:29

سپریم کورٹ نے کراچی میں ہیوی ٹریفک پرپابندی کا فیصلہ معطل کردیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 مئی2017ء) سپریم کورٹ نے کراچی میں ہیوی ٹریفک پر پابندی سے متعلق سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثارکی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے کراچی میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف کراچی پورٹ ٹرسٹ، سندھ حکومت اور ٹرانسپورٹر تنظیموں کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت کی۔

عدالت نے سندھ ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف تمام اپیلیں سماعت کے لئے منظور کرلیں۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے عدالت عالیہ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے قرار دیا کہ نقل و حرکت پر پابندی بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، سندھ ہائی کورٹ کا حکم سپریم کورٹ کے 17 اگست 2007 کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔ عدالت کے حکم سے پورا کاروباری نظام جام ہو گیا۔ عدالت عظمیٰ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔واضح رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے 31 مارچ کو کراچی میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پرپابندی عائد کرتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ ہیوی ٹریفک سے بھی دہشت گردی پھیلائی جارہی ہے، 15 ماہ میں 250 افرادکو ٹریفک حادثات میں ماردیا گیا۔