غیرملکی امداد چھپانے والی این جی اوز کے خلاف کریک ڈاون کی تیاریاں شروع

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 25 مئی 2017 12:13

غیرملکی امداد چھپانے والی این جی اوز کے خلاف کریک ڈاون کی تیاریاں شروع
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25مئی۔2017ء) وفاقی دارالحکومت میں غیرملکی امداد لے کر چھپانے والی این جی اوز کی فہرستیں تیار کرکے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں۔اطلاعات کے مطابق اسلام آباد میں غیرملکی امداد چھپانے والی این جی اوز کے خلاف کریک ڈاون کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور نامزد این جی اوز کی فہرستیں تیار کرکے چھاپہ مار ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

چیف کمشنر آفس کے مطابق رفاعی کاموں کے لئے ایک ہزار 427 این جی اوز رجسٹرڈ ہیں لیکن اب تک کسی بھی این جی او نے بیرونی امداد کی تفصیلات فراہم نہیں کیں اور اسی وجہ سے رواں برس 471 این جی اوز کی رجسٹریشن بھی منسوخ کی جاچکی ہے۔ لیبر ڈیپارنمنٹ کے مطابق این جی اوز بیرون ملک سے آنے والی کتنی فنڈنگ لیتی ہیں اس کا کوئی حساب نہیں اور منصوبوں کے نام پر کروڑوں روپے کہاں جاتے ہیں اس کا بھی کوئی ریکارڈ موجود نہیں، اب تمام این جی اوز کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور بہت جلد کریک ڈاون بھی شروع کردیا جائے گا۔