وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کا جناح ٹاؤن سے چینی باشندوں کے اغواء کے واقعہ پر برہمی کا اظہار

بدھ 24 مئی 2017 23:07

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کا جناح ٹاؤن سے چینی باشندوں ..
کوئٹہ۔24مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے جناح ٹاؤن سے چینی باشندوں کے اغواء کے واقعہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پولیس کو ڈی ایس پی کینٹ، ایس ایچ او جناح ٹاؤن اور ایس ایچ او گوالمنڈی تھانہ کو فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دیا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ نے مغویوں کی فوری اور باحفاظت بازیابی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لانے ،انٹیلی جنس ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنیوالے تمام اداروں کو مشترکہ اور مربوط کاروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ نے آئی جی پولیس کو کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں مقیم چینی باشندوں اور دیگر غیر ملکیوں کے مکمل کوائف پر مشتمل ڈیٹا مرتب کرنے اور ان باشندوں کی حفاظت کے لیے 24 گھنٹے میں ایس او پی تیار کرنے کی ہدایت ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے غیر ملکی باشندوں کو اپنی رہائش اور آمدورفت کے حوالے سے متعلقہ تھانہ میں معلومات فراہم کرنے کی پابندی کو بھی ایس او پی کا حصہ بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح غیر ملکی باشندوں کی سیکورٹی ممکن ہو سکے گی، وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ آئندہ جس علاقہ میں بھی اغواء کا کوئی واقعہ رونما ہوا اس علاقے کے پولیس افیسران کے خلاف کاروائی کی جائیگی،انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر ترقی کے عمل اور سی پیک منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے سرگرم عمل ہیں جنہیں ناکام بنانے کے لیے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر تمام اداروں کو زیادہ مستعد اور چوکنا رہنے کی ضرورت ہے ، اس حوالے سے کسی کی لاپرواہی اور متساہل برداشت نہیں کیا جا سکتا ہے، اغواء کا یہ واقعہ بھی ملک کو بدنام کرنے اور خوف و ہراس پیدا کرنے کی مزموم سازش ہے جسے ہر صورت ناکام بنایا جائیگا، دریں اثناء وزیراعلیٰ کے حکم اور آئی جی پولیس کی ہدایت کی روشنی میں ایڈیشنل آئی جی پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمان نے ڈی ایس پی کینٹ، ایس ایچ او تھانہ جناح ٹاؤن اور ایس ایچ او تھانہ گوالمنڈی کی معطلی کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔

واضح رہے کہ مغوی چینی باشندے تھانہ گوالمنڈی کی حدود میں رہائش پذیر تھے جنہیں تھانہ جناح ٹاؤن کی حدود سے اغواء کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :