محکمہ محنت کا قلمدان ملنے کے بعد صوبائی وزیرناصرحسین شاہ کا سیسی ہیڈآفس کا دورہ

بدھ 24 مئی 2017 23:02

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2017ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل ،ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزسٹ اور انفارمیشن سید ناصرحسین شاہ نے محکمہ محنت کا قلمدان ملنے کے بعد پہلی مرتبہ سندھ سوشل سیکورٹی ہیڈآفس کا دورہ کیا۔ کمشنر سیسی محمدفاروق لغاری، وائس کمشنر شاہد عبدالسلام اور دیگر افسران نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ادارے کے افسران کے ساتھ ایک تعارفی اجلاس منعقد ہوا جس میں کمشنر سیسی نے صوبائی وزیر کو محکمہ محنت کا قلمدان ملنے پر مبارکباد پیش کی اور سوشل سیکورٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر ہم سب کو ایک نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا، تاکہ صوبے کے عوام بالخصوص محنت کشوں کو ان کے جائز حقوق مل سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ایک روشن اور تابناک مستقبل کیلئے پر عزم ہے اور شہیدمحترمہ بے نظیربھٹو کے وژن پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہاکہ صوبے کے محنت کشوں کے جائز حقوق پی پی کے منشور کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ 18ویں ترمیم کے بعد سندھ اسمبلی سے پاس ہونے والے سیس ایکٹ 2016پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا۔ سید ناصر شاہ نے کہاکہ اداروں، صوبے اور ملک کی ترقی کیلئے ہم سب کو مل کر کوششیں کرنا ہوں گی جس کے لئے میری مکمل سپورٹ حاصل ہوگی۔ صوبائی وزیر محنت و چیئرمین گورننگ باڈی سیسی سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ سندھ سوشل سیکورٹی میں نئی آسامیاں خالصتا میرٹ کی بنیاد پر پر کی جائیں گی۔

تاہم ترقی کے منتظر ملازمین اور افسران کو اگلے گریڈ میں جلد ترقی دینے کیلئے ڈی پی سی اور سلیکشن بورڈ کئے جائیں تاکہ افسران و ملازمین کو انکا جائز حق مل سکے۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیر نے کمشنر کو ضروری ہدایات بھی دیں۔قبل ازیں کمشنر سیسی فاروق لغاری نے بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر کو بتایا کہ سوشل سیکورٹی اسکیم میں 7لاکھ سے زائد محنت کش اور ان کے 35لاکھ سے زائد لواحقین رجسٹرڈ ہیں جبکہ کل بجٹ کا 80 فیصد محنت کشوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے بھر میں سیسی کے 5بڑے اسپتال ،5میڈیکل سینٹرزاور 40ڈسپنسریاں قائم ہیں جہاں تحفظ یافتہ محنت کشوں اور ان کے لواحقین کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔