موسم گرما کی بارشوں سے نمٹنے کے لئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں، رضوان میمن

بدھ 24 مئی 2017 23:02

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2017ء) چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن نے متعلقہ صوبائی سیکریٹریز ،ڈویژنل کمشنرز اور پی ڈی ایم اے (پرو ونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) سمیت متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ موسم گرما کی بارشوں سے نمٹنے کے لئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں برساتی نالوں کی صفائی، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، صحت و صفائی، بارش سے متاثرہ افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی، ہسپتا لوں میں ادویات اور متعلقہ سازو سامان کی دستیابی، فراہمی آب اور علاج و معالجے کے سلسلے میں بجلی فیل ہونے کی صورت میں اسٹینڈ بائی جنریٹرز کی دستیابی اور دیگر انتظامات کے لئے موثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

اس سلسلے میں کسی کوتاہی کی قطعاًً گنجائش نہیں۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو اپنے دفتر میں اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں صوبائی سیکریٹریز،کمشنرز پی ڈی ایم اے، کے ڈبلیو ایس بی، واسا، کے ایم سی اور دیگر اداروں کے حکام نے بھی شرکت کی۔ چیف سیکریٹری نے وا ضح کیا کہ زبا نی جمع خرچ سے قطع نظر خدما ت کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ آبادیوں کو ڈوبنے سے ہر صورت بچایا جائے اسلئے کہ بارش تا دیر جاری رہنے سے خدشات اور نقصانات کا احتمال ہوتا ہے۔

رضوان میمن نے کمشنر کرا چی سمیت تما م ڈویژنل کمشنرز کو ذمہ داری تفویض کی ہے کہ وہ سیکریٹری صحت و بلدیات سمیت دیگر متعلقہ اداروں سے روابط کو فروغ دے کر ملک و ملت کے بہترین مفاد میں اداروں کی مدد کریں۔ قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے سلمان شاہ نے بریفنگ میں بتایا کہ بشمول کیپٹی انہانسمنٹ پروگرام، ریسکیو آپریشن،کنٹیجنسی پلان،تمام اضلاع میں رضا کاروں کی دستیابی تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ڈائریکٹر میو نسپل سروسز کے ایم سی مسعود عالم رضوی نے آگاہ کیا کہ تمام برساتی نالوں کی صفائی انسداد تجاوزات اور سڑکوں کی تعمیر نو سمیت موثر اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں، متعلقہ محکمو ں کے سیکٹریز نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :