اختیارات ،مسلم لیگ ن کے دوبڑوں کے درمیان معاملات شدت اختیارکرگئے

اسحاق ڈارنے احسن اقبال سالانہ پلان 2017-18ء کی رپورٹ پیش کرنے سے روک دیا، بات وزیراعظم نوازشریف تک پہنچ گئی

بدھ 24 مئی 2017 22:51

اختیارات ،مسلم لیگ ن کے دوبڑوں کے درمیان معاملات شدت اختیارکرگئے
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2017ء) مسلم لیگ ن کے دوبڑوں کے درمیان اختیارات کے حوالے سے معاملات شدت اختیارکرگئے ،وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے ترقی و منصوبہ بندی کے وزیراحسن اقبال کوبدھ کو سالانہ پلان 2017-18ء کی رپورٹ پیش کرنے سے روک دیاجس سے بات بڑھتے بڑھتے وزیراعظم نوازشریف تک پہنچ گئی۔تفصیلات کے مطابق وزیرترقی ومنصوبہ بندی احسن اقبال نے بدھ کوانیول پلان2017-18ء پیش کرنے کااعلان کیاتھامگرجب اس کی اطلاع وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارکوملی توانہوںنے وزارت ترقی ومنصوبہ بندی کوانیول پلان کی رپورٹ پیش کرنے سے روک دیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیرخزانہ نے فوری طورپریہ بات وزیراعظم نوازشریف کے علم میں لائی جس پروزیراعظم نے وفاقی وزیرترقی ومنصوبہ بندی کوبلاکران کی سرزنش کی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارکاکہناتھاکہ اگراحسن اقبال بدھ کوانیول پلان پیش کرتے تو(آج)اکنامک سروے 2016-17ء کی کوئی اہمیت نہیں رہ جائے گی ۔انیول پلان میں آئندہ مالی سال کے ترقیاتی اخراجات کے علاوہ وفاقی وزیرنے اہم معاشی اعشاریوں پرمیڈیاکوبریفنگ دیں،اسحاق ڈارجمعرات کواکنامک سروے پیش کریں گے ،ذرائع نے مزیدبتایاکہ گزشتہ سال بھی وفاقی وزیرترقی ومنصوبہ بندی نے انیول پلان اکنامک سروے سے ایک دن قبل پیش کرنے کی کوشش کی تھی جس پرانہیں مشکل کاسامناکرناپڑاتھا۔