طلبہ قوم کا روشن مستقبل ہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرینگے ، محمد زبیر

بدھ 24 مئی 2017 22:07

طلبہ قوم کا روشن مستقبل ہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرینگے ، محمد زبیر
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مئی2017ء)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ جامعہ کراچی میں انفرااسٹرکچر کی ترقی ، عصری تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب اور تحقیق کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جبکہ وفاقی حکومت سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ جامعہ میں انفرااسٹرکچر کے لئے تعاون فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ دیگر ہم نصابی سرگرمیاں بھی بہت ضروری ہے اس ضمن میں طلبہ تنظیمیں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔

وہ بدھ کو اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی کے ناظم عزیز اختر کی قیادت میں آنے والے 6 رکنی وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ ۔ وفد میں سعد رحمان ، شعیب مغل ، شہزاد حسین ، عاشر احمد اور عزیز علی خان شامل تھے۔ وفد نے گورنر سندھ کو جامعہ میں درپیش مسائل ، طلبہ کی مثبت سرگرمیوں میں حائل رکاوٹوں ، تعلیمی نظام اور عصری تقاضوں سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ طالب علم قوم کا مستقبل ہیں جو اپنی تعلیم کی تکمیل کے بعد ملک کی تعمیر و ترقی میں حصہ لیتے ہیں اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں ،حکومت طلبہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج کی ترقی میں تعلیم ، تحقیق اور ٹیکنالوجی کا اہم کردار ہے اور اس کے لئے جامعات معاون و مفید ثابت ہورہی ہیں ،جامعہ کراچی سے فارغ التحصیل طالب علم ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔