لا علاج بچوں کی خواہش کا احترام قابل فخر اقدام ہے۔ گورنر سندھ

بدھ 24 مئی 2017 22:05

لا علاج بچوں کی خواہش کا احترام قابل فخر اقدام ہے۔ گورنر سندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت افضل عبادت اور کسی مجبور و لاچار کی خواہش کا احترام قابل فخر اقدام ہے ، احساسات کا لفظوں میں بیان ممکن نہیں ، میک اے وش Make A Wish قابل فخر ادارہ ہے جو لا علاج موذی امراض میں مبتلا بچوں کی معصوم خواہشات کا نہ صرف احترام کررہاہے بلکہ انھیں پورا کرنے میں ہر ممکن اقدامات اٹھا رہا ہے یہ ایک زبردست کام کررہے ہیں ۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے گورنر ہائوس میں میک اے وش کے زیر اہتمام منعقدہ پروگرام میں کیا۔ پروگرام میں گورنر سندھ کی جانب سے لا علاج امراض میں مبتلا بچوں کی خواہشات پوری کرنے کے لئے ان کی خواہش کے مطابق عمرہ و ہوائی سفری ٹکٹس ،سائیکلیں ، موبائل سمیت دیگر چیزیں دی گئیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر معروف صنعت کارایس ایم منیر ، مرزا اشتیاق بیگ ، مرزا اختیار بیگ ، سینیٹر عبد الحسیب ، گلزار فیروز ، شکیل ڈھنگڑا ، یٰسین ملک سمیت دیگر بھی شریک تھے ۔

خطاب میں گورنر سندھ نے مزید کہا کہ گورنر ہائوس میں یوں تو بے شمار تقریبات ہوتی ہیں لیکن آج کی تقریب انتہائی منفرد ہے، معصوم بچوں نے جو گفٹ کی خواہش کی انہیں فراہم کی تاکہ انہیں کوئی کمی محسوس نہ ہو سکے یہ ہم سب کی اخلاقی ذمہ داری بھی ہے۔ انہوںنے کہا کہ گورنر ہائوس ایک تاریخی جگہ ہے یہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کا گھر ہے ، آج یہاں بچوں کو ان کی خواہشات کے مطابق گفٹ ہمیشہ یاد رہیں گے ،عظیم اور نیک مقصد کے لئے گورنر ہائوس کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں اس ضمن میں گورنر ہائوس ہر ممکن تعاون و مدد فراہم کرتا رہے گا ۔

انہوں نے کہا کہ مرزا اشتیاق بیگ عظیم اور نیک کام کررہے ہیں جسے سراہاجاناچاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ لاعلاج موذی امراض میں مبتلا بچوں کو ان کی خواہش کے مطابق آرمی چیف ، معروف کھلاڑیوں اور فلمی اداکاروں سے ملانا اور انھیں سپورٹ دینا قابل تحسین ہے اس کا اجر اللہ تعالیٰ ہی دے سکتا ہے ۔ معروف صنعت کار مراکش کے اعزازی قونصل جنرل مرزا اشتیاق بیگ نے پروگرام کے گورنر ہائوس میں انعقاد پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کر تے ہوئے کہا کہ گورنر سندھ محمد زبیر بھی ان بچوں کے لئے درد رکھتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان بچوں کی زندگی میں اضافہ تو نہیں کرسکتے لیکن ان کے چہروں پر مسکراہٹ ضرور لا سکتے ہیں ۔پروگرام میں گورنر سندھ نے بچوں کو ٹیلی وژن ، لیپ ٹاپ ، کمپیوٹر ، ٹیبلیٹ ، سائیکل اور دیگر اشیاء گفٹ کیں ۔ تقریب میں بچوں کی خواہش پر گورنر سندھ کے ساتھ گروپ فوٹو بھی لیا گیا اس موقع پر گورنر سندھ نے فرداً فرداً بچوں سے مصافحہ اور ان سے بات چیت بھی کی ۔بچوں کی خواہش کے مطابق انھیں گورنر ہائوس میں تاریخی جگہوں کا دورہ بھی کرایا گیا ۔

متعلقہ عنوان :