کمشنرکی ہدایت پر لوڈشیڈنگ ٹاسک فورس کمیٹی کا اجلاس

بدھ 24 مئی 2017 21:58

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2017ء) کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ کی ہدایت پر لوڈشیڈنگ ٹاسک فورس کمیٹی کا اجلاس اسسٹنٹ کمشنر ریونیورانااخلاق احمد کی زیر صدارت ہوا جس میں رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ بارے لائحہ عمل تیار کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رانا اخلاق احمد نے کہا کہ رمضان کے بابرکت مہینے میں عوام کے سکون کو مدنظر رکھ کر کم سے کم لوڈشیڈنگ کی جائے اور سحر و افطار سمیت تمام نمازوں کے اوقات میں ہرگز لوڈشیڈنگ نہ کی جائے، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اس لئے اس کے خاتمے اور عوام کی آسانی کے لئے میپکو کی ویب سائیٹ بھی اپ ڈیٹ کردی گئی ہے جس پر ہر شخص آسانی سے اپنے فیڈر میں لوڈشیڈنگ کا شیڈول حاصل کرسکتا ہے۔

رانا اخلاق احمد نے ہدایات جاری کیں کہ میپکوشکایات ازالہ سنٹرمیں ٹیلی فون ایکس چینج نمبر بڑھائے جائیں تاکہ لوگوں کی شکایات کا ازالہ ممکن ہوسکے اور ان کو لائن مصروف رہنے کی کوفت سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے ا عوام سے اپیل کہ وہ بھی بجلی کی بچت کر کے انتظامیہ کا ساتھ دیں۔اس موقع پر ایکسئین پاور کنٹرول اصغر لنگاہ، ڈپٹی ایس پی سکیورٹی طلعت، عبدالحفیظ بھٹی ،عمران عمر لودھی اور دیگر متعلقہ افراد بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :