ٹریفک قوانین سے آگاہی وقت کا اہم تقاضا ہے، سی ٹی او

بدھ 24 مئی 2017 22:30

گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2017ء) چیف ٹریفک آفیسر گوجرانوالہ آصف ظفر چیمہ نے کہا کہ ٹریفک قوانین سے آگاہی وقت کا اہم تقاضا ہے۔ اسی لئے ٹریفک پولیس کے افسران تعلیمی اداروں میں جا کر نوجوانوں میں شعور کو بیدار کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوںکو چاہیے کہ موٹر سائیکل چلاتے ہوئے حفاظتی تدابیر اختیار کریں، گاڑی چلاتے وقت سیٹ بیلٹ اور بائیک چلاتے وقت سرپر ہیلمٹ پہنیں ۔

ٹریفک سگنلز کا خیال رکھیں تاکہ زندگیوں کو حادثات سے بچایا جا سکے اور بے ہنگم ٹریفک پر قابو پا کر بلاوجہ ٹریفک کے رش اور جان لیوا ء شور سے نجات حاصل کی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ون ویلنگ خطر ناک کھیل ہے جس سے پرہیزضروری ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی سکول میں طلباء و طالبات سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے ٹریفک کا عملہ ہمہ وقت حاضر رہتا ہے اور اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی پوری ایمانداری سے انجام دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کو سختی سے ہدایات کر دی گئی ہیں کہ وہ شہریوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آئیں اور اعلی حکام کی ہدایت پر پہلے سلام اور پھر کلام کا رویہ اپنائیں ۔شہریوں کو تنگ کرنے کی شکایات موصول ہونے پر سخت کارروائی کی جائے گی ۔ اس موقعہ پر ڈائریکٹر سکول چوہدری شہباز نثار ،پرنسپل سکول نادیہ شاہ نواز ، انسپکٹر شفیق شاہ ، انچارج ایجوکیشن ونگ عدیل بٹ، رانا فرخ ، جمشید قادری،شیخ عمر اعجاز ،ظہیر عباس،بلال ثاقب و دیگرنے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :