وزیر مملکت کیڈکی ہدایت پر اسلام آباد کے دیہی علاقوں کیلئے تعمیراتی قوانین وضع کرنے کیلئے کمیٹی قائم

بدھ 24 مئی 2017 22:28

وزیر مملکت کیڈکی ہدایت پر اسلام آباد کے دیہی علاقوں کیلئے تعمیراتی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مئی2017ء)وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی ہدایت پر اسلام آباد کے دیہی علاقوں کیلئے تعمیراتی قوانین وضع کرنے کیلئے کمیٹی قائم کر دی گئی ۔ کمیٹی سی ڈی اے کے ممبر پلاننگ کی سربراہی میں کام کرے گی اور دو ہفتے میں تعمیراتی قوانین کے حوالے سے لائحہ عمل پیش کرے گی۔ کمیٹی میں سی ڈی اے کے ممبر اسٹیٹ ، قانونی مشیر اور چیف میٹروپولیٹن آفیسر شامل ہوں گے۔

کمیٹی دیہی علاقوں میں نئی تعمیرات کے قوانین کے ساتھ ساتھ پہلے سے تعمیر شدہ عمارات کی ریگولرائزیشن کے حوالے سے بھی سفارشات پیش کرے گی۔ بدھ کو وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکر ٹری کیڈ نرگس گھلو، مئیر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے انصر عزیز اور سی ڈی اے کے ممبران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے قیام سے قبل اسلام آباد کے 12یونین کونسلوں میں تعمیرات کے حوالے سے موجود تمام قوانین کابھی جائزہ لیا جائے ۔انھوں نے کہا کہ تعمیرات کے حوالے سے لوگوں کو درپیش مسائل کا مستقل اور دیرپا حل تلاش کیا جائے ، پہلے سے تعمیر رہائشی کالونیوں میں سیوریج کے نظام کیلئے بھی پلان وضع کیا جائے تاکہ ان علاقوں میں صحت اور ماحولیات کے مسائل پیدا نہ ہوں۔انھوں نے مزید ہدایت کی کہ علاقہ مکینوں کو گیس اور بجلی کے کنکشن کے حصول میں درپیش مسائل بھی فوری حل کئے جائیں۔(ار)