حکومت تنہا پائیدار ترقی کے مقاصد حاصل نہیں کرسکتی ، میئر کراچی وسیم اختر

بدھ 24 مئی 2017 21:31

حکومت تنہا پائیدار ترقی کے مقاصد حاصل نہیں کرسکتی ، میئر کراچی وسیم ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ حکومت تنہا پائیدار ترقی کے مقاصد حاصل نہیں کرسکتی جبکہ اس کے کاموں کو شہریوں ،سول سوسائٹی، نجی شعبے اور تعلیمی اداروں سمیت تمام اداروں کی مکمل حمایت حاصل نہ ہوجائے، سندھ میں مقامی حکومت قومی اور بین الاقوامی اداروں کے جاری اور مستقبل کے پروگراموں سمیت صوبے میں پائیدار ترقی کے مقاصد حاصل کرنے کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتی ہے اس حوالے سے پروفیشنل تصاویر کی نمائش ایک قابل قدر اقدام ہے جس کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کی سہ پہر صادقین آرٹ گیلری فریئر ہال میں اقوام متحدہ ، فرانسیسی قونصلیٹ ، یورپی یونین ، یو کے ایڈ اور بین الاقوامی نیوز ایجنسی AFP کے اشتراک سے 24 مئی تا 7 جون منعقد ہونے والی تصویری نمائشPakistan Sustaining Development - Human Stories Through Photopraphy کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر اقوام متحدہ انفارمیشن سینٹر Mr.Vittorio Cammarota ، فرانس کے قونصل جنرل Mr. Francoi Dall'Orso ، بیوروچیف AFP برائے پاکستان اور افغانستان Ms. Amelie Herenstein کے علاوہ سینئر ڈائریکٹر کلچر اسپورٹس اینڈ ریکریشن سیف عباس، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، ڈائریکٹر کلچر طارق نصیراور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس نمائش جو تصاویر رکھی گئیں انہیں مختلف موضوعات جن میں معقول روزگار اور معاشی نمو، عدم مساوات میں کمی ، صنعت ، جدت پسندی، انفراسٹرکچر، غربت کا خاتمہ ، بھوک کا خاتمہ، بہتر صحت، معیاری تعلیم، صنعتی مساوات، صاف پانی، سستی اور صاف توانائی شامل تھے، انہوں نے کہا کہ تصاویر میں سچائی اور حقائق کو یہاں کہا گیا ہے اور ہر تصویر ایک منہ بولتی حقیقت ہے ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے اور ایک دن ایسا بھی آئے جب تصاویر کی نمائش مسائل کی بجائے کراچی کی تعمیر و ترقی اور جدید زمانہ سے ہم آہنگ دکھائی دے گی، میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے لئے یہ نہایت پرمسرت موقع ہے کہ اسے ایک ایسی تصویری نمائش کی میزبانی کا موقع ملا جس میں ان مسائل کی نشاندہی کی گئی جو آج ہم سب کو درپیش ہیں انہوں نے نمائش کے انعقاد میں تعاون کرنے والے اداروں ، اقوام متحدہ کے مرکز اطلاعات ، یورپی یونین،فرانس کے سفارت خانے ، یوکے ایڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نمائش نے سندھ کے لوگوں کو اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے مقاصد سے متعلق جاننے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے انہوں نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی AFP کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کے انداز زندگی اور یہاں ترقیاتی سرگرمیوں کی عکاسی نہایت تخلیقی انداز میں شاندار تصاویر کے ذریعے کی ہے اور امید ہے کہ اس نمائش کو زیادہ سے زیادہ لوگ دیکھنے آئیں گے ، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ پاکستان کے لئے یہ ضروری ہوگیا ہے کہ وہ ترقی کے لئے حقیقی اور پائیدار منصوبوں کو ترجیح دیں اور ہم اقوام متحدہ کے مشکور ہیں کہ وہ ان مقاصد کے حصول کے لئے پاکستان کے ساتھ اشتراک عمل فراہم کررہا ہے ، انہوں نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر بڑی خوشی ہوئی ہے کہ مختلف جامعات سے تعلق رکھنے والے نوجوان پاکستانی پائیدار ترقی کے مقاصد کو بخوبی سمجھتے ہیں اور اس حوالے سے اپنا موثر کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں انہوں نے کہا کہ میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی طرف سے یہ یقین دہانی کراتا ہوں کہ شہریوں کی بہتری اور فلاح و بہبود کے لئے بنائے گئے تمام منصوبوں میں ہرممکن تعاون فراہم کیا جائے گا اور اس ضمن میں ملکی اور بین الاقوامی اداروں کی کاوشوں کو ہماری مکمل حمایت حاصل رہے گی۔

متعلقہ عنوان :