اگر سرکلر ریلوے کے لئے اعتماد میں نہ لیا گیا تو بھرپور احتجاج کریں گے، میئر کراچی

کراچی کے شہریوں پر رحم کریں اور غیرانسانی طریقے سے شہریوں کو سفر سے نجات دلائی جائے ، ملاوٹ کرنے ولے ادارے اور افراد ہوشیار ہوجائیں،وسیم اختر

بدھ 24 مئی 2017 21:31

اگر سرکلر ریلوے کے لئے اعتماد میں نہ لیا گیا تو بھرپور احتجاج کریں گے، ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ اگر سرکلر ریلوے کے لئے اعتماد میں نہ لیا گیا تو بھرپور احتجاج کریں گے کراچی کے شہریوں پر رحم کریں اور غیرانسانی طریقے سے شہریوں کو سفر سے نجات دلائی جائے ، ملاوٹ کرنے ولے ادارے اور افراد ہوشیار ہوجائیں ہم کے ایم سی کی ٹیمیں اب ان کے خلاف بھرپور کارروائی کریں گی یہ بات انہوں نے بدھ کی شام بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جدید آلات سے آراستہ نو تزئین شدہ فوڈ لیبارٹری کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، قبل ازیں میئر کراچی کی درخواست پر ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے فیتہ کاٹ کر لیبارٹری کا باقاعدہ افتتاح کیا، اس موقع پر، ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور، وائس چیئرمین عبدالراؤف،ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز شہاب انور ، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، فوڈ لیبارٹری کے انچارج ڈاکٹر اصغر شیخ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے کہا کہ شہریوں کے ساتھ ظلم کی انتہا ہوچکی ، ملاوٹ شدہ اشیاء کی فراہمی سے شہریوں کی صحت برباد ہورہی ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں، اب ہم لیبارٹری کی تزئین و آرائش کے بعد شہر بھر سے خوراک کے نمونے حاصل کرکے ا ن کی جانچ پڑتال کریں گے اور اگر چیزوں میں ملاوٹ پائی گئی تو ان کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے کہا کہ اب ایسے لوگوں کے ساتھ سخت برتاؤ کیا جائے گا خواہ فائیو اسٹار ہوٹل ہوں یا عام دکاندار کسی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے کراچی کو لوٹ کا مال سمجھ لیا گیا ہے جو جس طرح چاہتا ہے لوٹتا ہے اب ایسے لوگ محتاط ہوجائیں فوڈ انسپکٹرز مکمل اختیارات کے ساتھ چھاپہ ماریں گے انہوں نے کہا کہ گٹکے کے خلاف کارروائی جاری ہے اور اسے کراچی سے ختم کرکے رہیں گے نوجوان اسے کھا کر تباہ ہو رہے ہیں یہ کینسر کا بہت بڑا سبب ہے انہوں نے کہا کہ میں فیصل ایدھی کا شکریہ ادا کروں گا کہ وہ آج اس لیبارٹری کے افتتاح کے لئے یہاں تشریف لائے یہ بات ہمارے لئے باعث فخر ہے انہوں نے کہا کہ یہ لیبارٹری 1965 سے میں قائم کی گئی تھی ہمیں یہ تباہ حالت میں ملی تھی اور یہاں کسی بھی قسم کے نمونہ جات کو جانچنے کا انتظام نہیں تھا تمام مشینری برباد ہوچکی تھی اور فوڈ لیبارٹری کے انسپکٹرز اور افسران نے رشوت کا بازار گرم کیا ہوا تھا میں نے اچانک چھاپہ مار کر ایسے انسپکٹرز کو نہ صرف پکڑا بلکہ یہاں سے ان کا تبادلہ بھی کردیا گیا اور اگر اب بھی کوئی ایسا کرے گا تو قابل معافی نہیں ہے کیونکہ یہ انسانی صحت کا سوال ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا ، میئر کراچی نے کہا کہ ہم کم وسائل کے باوجود محکموں کو درست کررہے ہیں اور آج میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ ایک محکمہ آج صحیح حالت میں آپ کے سامنے ہے ، ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی نے کہا کہ رمضان المبارک میں ٹریفک مینجمنٹ کے لئے SOP بنا چکے ہیں سٹی وارڈنز ٹریفک پولیس کے ساتھ سڑکوں پر نظر آئیں گے ، کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ فوری طور پر کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کے تمام اجازت نامے منسوخ کرے کیونکہ شہر میں اتنا بڑا انفراسٹر کچر نہیں ہے نہ ہمارے پاس پانی ہے نہ بجلی ، نہ سیوریج سسٹم اور نہ ہی ٹرانسپورٹ کا انتظام ، کثیر المنزلہ عمارتیں بننے کے بعد اس شہر کی جو حالت ہوگی اس کا کوئی تصور بھی نہیں کرسکتا، فیصل ایدھی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فروٹس میں فارملین کا استعمال ختم ہونا چاہئے کیونکہ یہ کینسر کا سبب بنتا ہے اسی طرح کیڑے مار دوائیوں کا استعمال فصلوں پر فوری بند ہوناچاہئے کیونکہ یہ خوراک کے اندر داخل ہو کر انسانی جسم میں چلی جاتی ہے اور کینسر کا سبب بنتی ہے اور مختلف مصالحہ جات میں کچرا اور یگر اشیاء ملائی جاتی ہیں جس سے انسانی صحت تباہ و برباد ہو رہی ہے تاجر حضرات لالچ میں آکر ملاوٹ شدہ اشیاء فروخت کر رہے ہیں جس سے شہریوں کو شدید نقصان ہو رہا ہے۔

خدارا اس سلسلے کو بند کریں۔

متعلقہ عنوان :