پاک جاپان بزنس کونسل اور ویت نام کے کمرشل قونصلر کی گورنر سندھ سے ملاقات

دونوں ممالک کے سرمایہ کار کراچی میں سرمایہ کاری کے سازگار مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں، محمد زبیر

بدھ 24 مئی 2017 21:21

پاک جاپان بزنس کونسل اور ویت نام کے کمرشل قونصلر کی گورنر سندھ سے ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ امن و امان کے قیام کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ سے خطہ میں غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ ہو گا ، سی پیک منصوبہ کی تکمیل سے پاکستان تجارتی دنیا سے منسلک ہو جائے گا جس سے تیز ی سے اقتصادی ترقی ممکن ہو گی اور خطہ خوشحالی کے نئے دور میں داخل ہو جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اقتصادی حب کراچی اپنی استعداد کے لحاظ سے سرمایہ کاروں کے لئے پر کشش اہمیت کا حامل ہے ،شہر میں کم لاگت ، تعلیم یافتہ ، تجربہ کار اور با صلاحیت ہیومن ریسورس سرمایہ کاروں کے لئے اہمیت کا حامل ہے ۔پاک جاپان دوطرفہ تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم او ر مضبوط ہورہے ہیں دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری سے دونوں ممالک بھرپور مستفید ہو رہے ہیں اس ضمن میں دوطرفہ تجارتی حجم بڑھانے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں پاکستان جاپان بزنس کونسل کے وفد سے ملاقات میں کیا، جس کی سربراہی کونسل کے چیئرمین سہیل پی احمد کررہے تھے۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ جاپان کے سرمایہ کاری کراچی کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اس ضمن میں حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ جاپان کی مصنوعات معیاری ہونے کے باعث پاکستان کے ہر گھر میں موجود ہیں۔ کونسل چیئرمین سہیل پی احمد نے بتایا کہ پاکستان میں اس وقت 83 جاپانی کمپنیاں کام کررہی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارتی حجم 1.5 ارب ڈالر ہے۔ دریں اثناء گورنر سندھ سے ویت نام کے ٹریڈ مشن کے کمرشل قونصلر اینڈ ہیڈ Nguyen Hong Tien اور پاک ویت نام بزنس کونسل کے چیئرمین غضنفر علی خان نے بھی ملاقات کی۔ گورنر سندھ نے دونوں ممالک کے مابین تجارت میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔

متعلقہ عنوان :