حکومت رمضان بازاروں میں پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال بنانے کیلئے اقدامات کرے،ذکراللہ مجاہد

بدھ 24 مئی 2017 23:18

حکومت رمضان بازاروں میں پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال بنانے کیلئے اقدامات ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2017ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ رمضان سے قبل ہی گراں فروشی پر انتظامیہ پھل اور سبزیوں کے ریٹ کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آرہی ہے خوردونوش عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوگئی ہیں ۔حکومت رمضان بازاروں میں پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال بنانے کیلئے اقدامات کے ساتھ ایماندار افسران کو تعینات کرے ۔

ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں عوام وفود سے رمضان المبارک کے حوالے سے گفتگو کے دوران کیا۔ ذکر اللہ مجاہد نے کہاکہ مقد س ماہ میں رمضان بازاروں میں منافع خوروں پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ زخیرہ اندوزوں کو مزید مہنگائی کرنے سے روکا جا سکے موجودہ صورتحال میں بجٹ سے پہلے ہی عوام کی کمر مہنگائی نے توڑ دی ہے سبزیاں ٹماٹر ، آلو ، پیاز ، ہری مرچ ، بھنڈی ، ادرک ، لہسن کی قیمتوں میں 20سے 30فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

ایسی طرح پھلوں میں بھی سیب ، کیلے ، چیکو ، خربوزہ کھجور ودیگر میں اضافہ ہو چکا ہے جو متوسط اور غریبوں کی پہنچ سے دور ہیں جبکہ گوشت کی قیمت پہلے ہی غریبوں کی پہنچ سے دور ہیں ۔ انہو ںنے کہا کہ دنیا کے دوسرے ممالک میں خاص تہواروں پر اپنے عوام الناس کو خاص ریلیف فراہم کیا جاتا ہے تاکہ عوام اپنی خوشیاں دوبالا کر سکیں مگر بدقسمتی سے پاکستان اسلامی مملکت ہونے کے باوجود رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے مہنگائی اور منافع خواری کے ذریعے دونوں ہاتھو ں سے لوٹا جاتا ۔ ذکر اللہ مجاہد نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ رمضان المبارک کے با برکت مہینے میں زخیرہ اندوزی اور قیمتیں بڑھانے والے دوکانداروں اور تاجروں کے خلاف سخت کروائی عمل میں جائے