پاکستان ایک امن پسندملک ہے، اپنے جائز اقتصادی اور سکیورٹی مفادات کے حصول کے لیے کوشاں ہے ‘موجود صورت حال میں ایک مضبوط بحری فورس کی ضرورت پہلے کی نسبت زیادہ شدت کے ساتھ محسوس کی جارہی ہے

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ کا پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں منعقدہ 46ویں پاکستان نیوی سٹاف کورس کے کانووکیشن سے خطاب

بدھ 24 مئی 2017 23:11

پاکستان ایک امن پسندملک ہے، اپنے جائز اقتصادی اور سکیورٹی مفادات کے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مئی2017ء) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان ایک امن پسندملک ہے جو اپنے جائز اقتصادی اور سکیورٹی مفادات کے حصول کے لیے کوشاں ہے ،موجود صورت حال میں ایک مضبوط بحری فورس کی ضرورت پہلے کی نسبت زیادہ شدت کے ساتھ محسوس کی جارہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں منعقدہ 46ویں پاکستان نیوی سٹاف کورس کے کانووکیشن کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہا کہ وسائل اور اثر رسوخ کی تلاش تغیر پذیر اور غیر یقینی دنیا میں ہمسری اور نئی صف بندیوں کو جنم دیتی ہے۔ہمارے خطے کے ممالک کی توجہ سمندر کی جانب مبذول ہو رہی ہے اور بحری افواج کو اسٹریٹیجک اور روایتی انداز سے ترقی دینے کے لیے کثیر سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

ساتھ ساتھ ہمارے خطے میں غیر علاقائی بحری افواج کی کثیر تعداد میں موجودگی بھی اس امر کی دلیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسندملک ہے جو اپنے جائز اقتصادی اور سکیورٹی مفادات کے حصول کے لیے کوشاں ہے ۔تاہم موجود صورت حال میں ایک مضبوط بحری فورس کی ضرورت پہلے کی نسبت زیادہ شدت کے ساتھ محسوس کی جارہی ہے۔گریجویٹنگ آفیسرز کو نصیحت کرتے ہوئے نیول چیف نے اس بات پر زور دیا کہ قائد کی حیثیت سے آفیسر کو پیشہ وارانہ انداز میں جرات مندی کے ساتھ مستقبل کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونا چاہیے اور اپنے اپنے ملک کو بحری افواج کی بہتری کے لیے یہاں سے حاصل کئے جانے والے علم اور مہارتوں کا بہترین استعمال کرنا چاہیے۔

کورس میں دوست ممالک کے آفیسرز کی حوصلہ افزاء شرکت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پاک بحریہ کے آج کے بعد مزید بیس سے زائد سفیر اور دوست ہوں گے اور میں امید کرتا ہوں کہ دوست ممالک کے یہ آفیسرز پی این وار کالج میں کورس کے دوران بنائے جانے والے دوستوں کے ساتھ اپنی دوستی قائم و دائم رکھیں گے۔نیول چیف نے گریجویٹنگ آفیسر زکو مبارک باد دی اور کورس کی تمام سرگرمیوں کے انعقاد کے سلسلے میں پاکستان نیوی وار کالج کے عزم اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے بھر پور تعاون کو سراہا۔

مہمان خصوصی نے پاک بحریہ ،پاک آرمی، پاک فضائیہ کے 43اور دوست ممالک اردن، انڈونیشیا ،بنگلہ دیش ،چین ،سری لنکا ،سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ملائیشیا، مصر ،میانمر اور نائیجریا کے 20آفیسرز کو وار سٹیڈیز (میری ٹائم) میں ماسٹرز کی ڈگریاں تفویض کیں۔قبل ازیں کمانڈنٹ پی این وار کالج ریئر ایڈمرل معظم الیاس نے کورس میں شامل تعلیمی اورپیشہ وارانہ سرگرمیوں کامختصر ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ کورس میں دوست ممالک کے آفیسرز کی شرکت حوصلہ افزاء ہے اور پاکستان اور ان ممالک کی بحری قوتوں کے درمیان پائے جانے والے برادرانہ تعلقات کی عکاس ہے۔تقریب میں معزز سول شخصیات اور پاکستان کی مسلح افواج کے سینئرآٓفیسرزنے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :