مقبوضہ کشمیر کے عوام ہر سطح پر آزادی کی تحریک میں شریک ہے،تمام حریت قائدین ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو چکے ، سید علی گیلانی نے تاریخی استقامت دکھائی ، عوام کو امید کی کرن نظر آئی ہے ،برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد تحریک نئے انقلابی ولولے سے اٹھی ہے، نریندر مودی مقبوضہ جموں میں6نومبر1947ء سے بھی بڑا سانحہ کرنے کی سازش کر رہا ہے ،انتہا پسند ہندوئوں اور سول لوگوں کو مسلح کر رہا ہے ،اس بڑے سانحے سے بچنے کیلئے پاکستان پیش بندی کرے

امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرو ممبر قانون ساز اسمبلی و عبدالرشید ترابی کی سیالکوٹ میں پریس کانفرنس

بدھ 24 مئی 2017 23:47

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مئی2017ء) امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرو ممبر قانون ساز اسمبلی و عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام ہر سطح پر کوئی دیہات کوئی قصبہ اور کوئی گائوں ایسا نہیں ہے جہاں کے لوگ اس تحریک میں شریک نہ ہوں ۔ سارے حریت قائدین ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو چکے ہیں ، سید علی گیلانی نے تاریخی استقامت دکھائی ، عوام کو امید کی کرن نظر آئی ہے ،تحریک میں نیا تحرک پیدا ہوا ہے۔

برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد تحریک نئے انقلابی ولولے سے اٹھی ہے۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی مقبوضہ جموں میں6نومبر1947ء سے بھی بڑا سانحہ کرنے کی سازش کر رہا ہے ،انتہا پسند ہندوئوں اور سول لوگوں کو مسلح کر رہا ہے ،اس بڑے سانحے سے بچنے کے لیے حکومت پاکستان پیش بندی کرے،ہندوستان مسلمانوں کو جبراً بے دخل کرنے کی سازش کر رہا ہے ، عالمی عدالت انصاف اس کا نوٹس لے ، ہندوستان کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پوری قوم کو جامع حکمت عملی تشکیل دینا ہوگی ،علامہ اقبال نے کشمیر سے ہجرت کر کے سیالکوٹ میں آئے یہاں کے عوام نے تحریک آزادی کشمیر میں بھرپور کردار ادا کیا ہے ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی آزادجموں کشمیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے سیالکوٹ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقعہ پر شیخ عتیق الرحمن، میاں عثمان جاوید، سید مشہور الحق ،ڈاکٹر شکیل ٹھاکر، ارشد محمود بگو ایڈووکیٹ اور جماعت اسلامی کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ ہندوستان نے عالمی عدالت انصاف میں جا کر دروازہ کھول دیا ہے ، پاکستان کے پاس درجنوں مقبوضہ کشمیر میں ایسے کیس ہیں جو عالمی عدالت انصاف میں لے جانے کے قابل ہیں ، پیلٹ گنوں کے ذریعے پندرہ ہزار نوجوانوں کو متاثر کیاگیا ، سینکڑوں بینائی سے محروم ہوئے ، ہزاروں گم نام قبروں کا انکشاف ہوا ، اجتماعی آبرو ریزی کے ہزاروں کیسز موجود ہیں ، ماورائے عدالت قتل کے ہزاروں کیسز موجود ہیں ، ان سب کو عالمی عدالت انصاف میں لے جانے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کی جامعات تحریک آزادی کشمیر کی ترجمان بن گئی ہیں ، جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے یونین کے صدر نے کشمیر پر سیمینار کروایا ہے ، ہندوستان کے مظالم کو بے نقاب کیا ہے ، جب بھارتی پولیس نے اسے گرفتار کیا تو ساری یونیورسٹی اس کی ترجمان بن گئی ، یشونت سنہا کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی نے مقبوضہ کشمیر کا دورہ کیا اور رپورٹ پیش کی جس میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ کشمیریوں کے آزادی کے جذبے کو طاقت اور تشدد سے ختم نہیں کیا جا سکتا ، کشمیر کا نوجوان موت سے بے خوف ہو چکا ہے۔

عبدالرشید ترابی نے کہا کہ ان حالات کو دیکھتے ہوئے نریندر مودی پاکستان پر جنگ بھی مسلط کر سکتا ہے مقبوضہ کشمیر کے اندر بڑے قتل عام کا آغاز بھی کر سکتا ہے ، ان حالات سے نمٹنے کے لیے پاکستانی قوم ، مہاجرین اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ جامع حکمت عملی تشکیل دیں ۔ ہندوستان نے عالمی عدالت کا دروازہ کھولا ہے ، کلبھوشن کے عزائم پاکستان میں تخریب کاری کے تھے وہ را کے ایجنٹ کے طور پر یہاں دھماکے کروا رہا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی تمام جماعتوں کا ایک فورم بنا کر اجتماعی سرگرمیاں کی جا رہی ہیں ، برطانیہ میں کانفرنسز ، ترکی ، ملائیشیا میں رابطہ عالم اسلامی کی کانفرنسز میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے عزم کا اظہار کیاگیا ۔ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے جنرل اسمبلی میں خطاب کیا اور برہان مظفر کو تحریک کا ہیرو قرار دیا ۔ برٹش پارلیمنٹ میں کشمیریوں کے حق میں قرارداد منظور ہوئی جو خوش آئند ہے ، عالمی سطح پر ہندوستان تنہا ہو رہا ہے۔