وزیرآباد ، عوام کرپشن اور کرپٹ حکمرانوں سے نجات چاہتے ہیں, محمد احمد چٹھہ

پی ٹی آئی اپنے منشور پر عمل کر کے ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کر ے گی،ضلعی صدر پی ٹی آئی

بدھ 24 مئی 2017 21:08

وزیرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2017ء) عوام کرپشن اور کرپٹ حکمرانوں سے نجات چاہتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے نوجوان پارٹی کا عظیم سرمایہ ہیں ۔ ورکروں کو مکمل احترام اور تحفظ دیا جائے گا۔ کسی بھی سیاسی اتحاد کا فیصلہ مرکزی سطح پر ہی ہو گا۔ پی ٹی آئی اپنے منشور پر عمل کر کے ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کر ے گی۔ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی ضلع گوجرانوالہ کے صدر محمد احمد چٹھہ نے کیا جو یہاں پی ٹی آئی کے وزیرآباد آفس میں گوجرانوالہ کے وفد اور مقامی کارکنوں سے بات چیت کر رہے تھے۔

محمد احمد چٹھہ نے مقامی دفترمیں مصروف ترین دن گزارا اور ضلع بھر سے آئے کارکنان اور وفود سے ملاقات کی۔اس موقع پر انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عوام موجودہ بد عنوان حکمرانوں سے نجات چاہتے ہیں کیونکہ ان کے شب و روز مشکل سے دوچار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شریف برادران جھوٹے قرار دیئے جا چکے ہیںپھر بھی صادق اور امین ہونے کے دعویدار ہیں۔

وہ اقتدار میں آنے سے قبل سچے یا دیانتدار تھے نہ آج ہیں۔انہوں نے کہا حکمران بے شرمی سے اپنے اقتدار کو طول دے رہے ہیں اور ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔انہوں نے ضلع گوجرانوالہ میں تنظیم سازی کے حوالے سے کہا کہ کوشش کی گئی ہے کہ کارکنان کا ان کی اہلیت کے مطابق منتخب کیا جائے تاکہ پارٹی کا کام نمود و نمائش سے آگے چلے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن ہمارا ورثہ ہیں ۔

ان کی عزت و احترام کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔نوجوانوں کی سیاسی تربیت کے مواقع فراہم کئے جائینگے تاکہ و ہ ملک کی بقا اور سا لمیت کے لئے اپنی کردار احسن طریقے سے سر انجام دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی بھر پور کامیابی حاصل کرے گی اور وہ دن دور نہیں جب ملک میں پی ٹی آئی اپنے منشور کے مطابق کام کرے گی اور ملک ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہو گا۔

ملک میں قومی سرمایہ کی بند ربانٹ بند ہو جائے تو عوام کی ترقی کی راہیں کھل جائینگی اور عوام کو ریلیف بھی ملے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام ملک کے بہتر مستقبل کی خاطر قربانیاں دے رہے ہیں تاکہ عام شہری کی عزت نفس بحال ہو ۔ گوجرانوالہ کے وفد کی قیادت گوجرانوالہ سٹی کے صدرمحمد عقیل ڈار کر رہے تھے۔ مقامی قائدین میں چوہدری محمد یوسف، محمد شبیر چیمہ، وقار اشرف کلیر،سلمان حبیب ، سیٹھ باور بشیراو ر ایوب احمد چوہان بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :